مسٹر اٹارنی جنرل ایسا نہیں چلے گا: سپریم کورٹ


سپریم کورٹ نے وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے خلاف پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم سے تعاون نہ کیے جانے پر اٹارنی جنرل سے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا نے جمعرات کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے سامنے تیسری رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذمہ داران تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔

جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مسٹر اٹارنی جنرل ایسے نہیں چلے گا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو دس جولائی کو حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ عدالت نے ایف آئی اے کے ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا کی سربراہی میں قائم ہونے والی چھ رکنی ٹیم کو دو ماہ میں اپنا کام مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔ جمعرات کو عدالت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو دس جولائی کو حتمی رپورٹ عدالت پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

واجد ضیا نے عدالت کو بتایا کہ اُن کی ٹیم نے ایف بی آر سے وزیر اعظم اور اُن کے بچوں کی ویلتھ سٹیٹمنٹ مانگی تھی جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئی جس پر بینچ میں موجود جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر سے جب بھی ریکارڈ مانگیں تو یا تو ریکارڈ چوری ہو جاتا ہے اور یا پھر گم ہو جاتا ہے۔

اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اُن دستاویزات کی فہرست فراہم کریں تو وہ متعقلہ حکام کے حوالے کر دیں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ ایف بی آر ایک مخصوص وقت تک ریکارڈ رکھتا ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے یہ بات عدالت کو نہیں بتائی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر عدالت چاہے تو اس ضمن میں ایف بی آر کے چیئرمین کو نوٹس جاری کرسکتی ہے جس پر بینچ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موقع آنے پر ایسا بھی کر سکتے ہیں۔

حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے ایک ترجمان فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ اس وقت ایف بی آر کے علاوہ ایف آئی اے اور سویلین خفیہ ادارے انٹیلیجنس بیورو کے سربراہ ایکسٹینشن پر ہیں جس پر بینچ میں موجود جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ‘ان اداروں کے سربراہان اچھی اداکاری کر رہے ہیں اس لیے اُنھیں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دینا چاہیے۔

بینچ کے سربراہ نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ سکیورٹی اینڈ سٹاک ایکسچینج کمیشن کی افسران کی طرف سے ریکارڈ میں مبینہ تبدیلی کے بارے میں تحقیقات کا کیا ہوا؟ جس پر اشتر اوصاف کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو جلد ہی اپنا کام مکمل کرلے گی۔

حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پر تحققیاتی ٹیم کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ معاملہ حساس ہونے کی وجہ سے ذمہ دار شخص کا نام نہیں بتایا گیا۔

آئینی ماہرین کے مطابق پاناما لیکس کے بارے میں جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پاناما لیکس پر عمل درآمد کرنے والے موجودہ بینچ یا پھر نیا بینچ تشکیل دیں گے جو اس معاملے پر عدالتی کارروائی کو آگے بڑھائے گا۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp