بیٹے بیٹی میں فرق نہ کریں: عاصمہ جہانگیر


عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ عورت کا کہیں چار دیواری کا بہانہ کرنا اور کہیں پر پبلک فگر بن جانا ٹھیک نہیں ہے

پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو جمعرات کو پیشی پر بلایا تو اس پر پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔ اس سلسلے میں جب انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور معروف وکیل عاصمہ جہانگیر سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ ‘عورت کو اگر چار دیواری میں بٹھانا ہو تو اسے پارلیمان میں نہ لائیں۔’

بی بی سی سے گفتگو میں عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ ‘پارلیمان میں جانے کے لیے فوراً تیار لیکن دوسری جگہ جانے کے لیے کبھی چار دیواری کا بہانہ کرنا اور کہیں پر پبلک فگر بن جانا۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔’

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم شریف کی پیشی کو ایک شریف عورت کی مظلومیت کی حیثیت سے پیش کیا گیا جس کے بارے میں عاصمہ جہانگیر نے تبصرہ کیا کہ یہ بالکل نامناسب تھا۔

‘کیا بےنظیر بھٹو شریف عورت نہیں تھیں؟ وہ تو ایسے عدالتوں میں جاتی تھیں کہ ایک دن کراچی اور اگلے دن لاہور اور اس کے بعد پشاور اور پھر کوئٹہ۔ میں سمجھتی ہوں کہ سیاست میں آنے والوں کو سخت جان ہونا چاہیے کیونکہ اگر سیاست کرنی ہے تو یہ سب تو ہو گا۔’

اپنے والد اور دونوں بھائیوں کے بعد مریم نواز بھی پاناما پیپرز کی تفتیش کے لیے قائم کمیشن کے سامنے جمعرات کو پیش ہوئیں

مریم نواز کی پیشی کے بارے میں عاصمہ جہانگیر نے مزید کہا کہ ‘میں نے خود مریم نواز کی ٹویٹس پڑھی ہیں اور انھوں نے تو بہت دلیری سے کہا ہے کہ وہ جے آئی ٹی کے سامنے جائیں گی۔ میرے خیال میں باقی لوگوں کو بھی چاہیے کہ مریم کو نواز شریف کے بیٹوں کی طرح دیکھیں اور بیٹے بیٹی میں فرق نہ کریں۔’

عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ عورتیں روزانہ عدالتیں جاتی ہیں اور وہ کوئی ایسی بدنام زمانہ جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگ عدالت انصاف لینے اور اپنے حقوق کی جنگ لڑنے جاتے ہیں۔

‘میں خود 18 برس کی عمر سے عدالت جاتی رہی ہوں اور میرے خیال میں مرد اور عورت میں تفریق صرف اس صورت میں کی جانی چاہیے جب عورت پردہ نشین ہو اور وہ کسی کے سامنے نہیں آتی تو عدالت اس کے لیے کمیشن کا تعین کر سکتی ہے۔’

عاصمہ جہانگیر نے کہا ہماری جیسی خواتین پبلک فگر ہیں اور ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کسی جگہ جا سکتے ہیں اور کسی جگہ نہیں۔

اس سیریز کے دیگر حصےمریم نواز اکیلی خاتون نہیں ہیںعاصمہ جہانگیر ہمیں راستے میں چھوڑ گئیں

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).