پانامہ پارلیمنٹ کو طاقت بخشے گا


جے آئی ٹی نے جو سانپ نکالنا تھا نکال چکی ہے۔ کپتان اینڈ کمپنی خوشی سے ناگن ڈانس کرنے کو مچل رہے ہیں۔ نواں پاکستان آدھے کلومیٹر پر ہی رہ گیا ہے۔ یہ خوشخبری سنا کر عرض یہ ہے کہ جو گولہ جے آئی ٹی کے چنے ہوئے ہیروں نے چلایا تھا اس کے پلٹ کر واپس اسی جے آئی ٹی کو لگنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

خیر حوصلہ کریں مائی لارڈ سب دیکھ رہے ہیں۔ قرطبہ کا قاضی کسی وکیل نے پڑھا ہے یا نہیں میاں صاحب خود پڑھ کر اس سے آئیڈیا لے لیں۔ کوئی اتنی بڑی بات نہیں ذرا سی سیاسی قربانی ہے دے دیں۔

مسلم لیگ نون کے وہ سارے ممبران جو ہر تبدیلی والی دوڑ میں فسٹ آتے ہیں۔ انہیں یہ یقین تو میڈیا نے دلوا ہی دیا ہے کہ سازش ہو رہی ہے لیکن ان کا انتظار ہے کہ جاری ہے۔ غریب کبھی گھر کے دروازوں کو دیکھتے ہیں کبھی اپنے موبائل کو کہ کہیں سے کوئی نامعلوم نمبر والی کال آ جائے۔ انہیں پتہ لگے کہ اب قومی مفاد میں انہوں نے کس کھائی میں چھلانگ لگانی ہے۔ جو کبھی یہ فون کر کے حکومتیں الٹ پلٹ کیا کرتے تھے وہ کب کے دکان اپنی بڑھا گئے۔ اب نامعلوم نمبروں والے سکون سے اپنے اصل اہم کاموں میں مگن ہیں۔

سی پیک والوں نے جے آئی ٹی رپورٹ میں جمع کرائے ثبوت مسترد کر دیے ہیں۔ اب وہ چھلانگیں اور چیکیں مارتے آنے ہی والے ہیں ظاہر ہے اپنے پراجیکٹس پر کام کی رفتار چیک کرنے۔

بے وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اب کسی کے لیے بھی ممکن نہیں رہا کہ ایک پہلوان حکومت کو جوش دے کر تو ابال کر دکھا دیا جائے اور اپوزیشن گرمی میں اے سی کا مزہ لیتی رہے۔ اب اپوزیشن کے سارے کیسوں پر بھی ایسے ہی فیصلے ہوں گے جیسے حکومت کے ساتھ ہوں گے۔ دونوں سائیڈ کے بزرگ سیاستدان بشمول کپتان انصاف کے چولہے پر چڑھائے جائیں گے۔

بظاہر یہ کوئی اچھے حالات نہیں ہیں۔ ہمارا الزام زدہ وزیر اعظم دنیا میں ہماری نمائندگی کرے۔ ہمارے اپوزیشن لیڈر عدالتوں میں خجل ہوتے دکھائی دیں۔ جب کچھ فیصلے سنائے جا چکے ہوں گے تو سب کی کھوئی ہوئی فراست واپس آ جائے گی۔ یہ وہ وقت ہو گا جب سیاستدان ایک بڑے سمجھوتے کی جانب بڑھیں گے۔ نئی قانون سازی ہو گی راستہ نکالا جائے گا ایک دوسرے کی سزاؤں کو قانونی تحفظ دینے کے بعد الیکشن میں اترا جائے گا۔

یہ نتیجہ اگر نکل آئے تو ہمارے ووٹ کی طاقت مستحکم ہو جائے گی اور پارلیمنٹ بھی اپنی اصل توانائی پا لے گی۔ پانامہ سے ہونے والی لمبی خجل خواری کے بعد اگر ہماری پارلیمنٹ تگڑی ہوتی ہے تو اپنی رٹ منواتی اور ثابت کرتی ہے تو یہ ہرگز کوئی برا سودا نہیں ہو گا۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 406 posts and counting.See all posts by wisi