پاناما مقدمے کے جج دیگر بینچوں میں شامل



شہزاد ملک۔
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد۔

پاناما مقدمے کی سماعت کرنے والے جج مختلف بینچوں میں شامل کر دیے گیے۔ سپریم کورٹ نے ججوں کی ڈیوٹی کا نیا روسٹر جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ میں تین بینچ مقدمات کی سماعت کریں گے۔

اس ڈیوٹی روسٹر کے مطابق وزیر اعظم اور ان کے بچوں کے خلاف پاناما لیکس پر عمل درآمد سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ میں سے دو جج صاحبان سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں 11 اگست تک مقدمات کی سماعت کریں گے۔

روسٹر کے مطابق جسٹس عظمت سعید شیخ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔
اس بینچ میں شامل جسٹس اعجاز الاحسن اگلے ہفتے چھٹیوں پر چلے جائیں گے۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ شاہد کمبوہ نے ججز کے ڈیوٹی روسٹر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ معمول کی کارروائی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر کسی بھی وقت پاناما لیکس کا فیصلہ سنانے کے بارے میں کہا گیا تو اس کے بارے میں معلومات سپلیمنٹری کاز لسٹ میں دے دی جائیں گی۔

ان درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ متعدد بار کہہ چکی ہے کہ اس معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا اور سپریم کورٹ آئین اور قانون کی روشنی میں تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ان درخواستوں پر فیصلہ دے گی۔

حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جو پاناما کے مقدمے میں ایک درخواست گزار ہیں، سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ وہ ان درخواستوں کا فیصلہ جلد از جلد سنائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp