ڈیرہ اسماعیل خان میں نوجوان لڑکی کو سرِ عام برہنہ کرنے کے ملزمان عدالت میں پیش


ڈیرہ اسماعیل خان میں نوجوان لڑکی کو زبردستی برہنہ گلیوں میں گھمانے کے الزام میں گرفتار آٹھ ملزمان کو ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ایک مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ تھانہ چودھوان کے پولیس انسپکٹر بشارت خان نے بی بی سی کو بتایا کہ آٹھوں ملزمان کو سنیچر کی صبح جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انھیں دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

بشارت خان نے بتایا کہ اس واقعے کا اہم ملزم سجاول تا حال مفرور ہے اور پولیس اسے گرفتار کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ ستائیس اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ اس کے کپڑے قینچی سے کاٹے گئے اور پھر اسے گلی میں چلنے کا کہا گیا جب وہ ایک گھر میں داخل ہوئی تو اسے وہاں سے باہر نکال کر لایا گیا۔

متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ہم تالاب سے پانی بھر کر گھر لا رہے تھے، ’میرے ساتھ میری دو لڑکیاں (کزنز) بھی تھیں، ہمارے سامنے دس افراد کھڑے تھے، انھوں نے مجھے دھکا دیا جس کے نتیجے میں میں گر گئی۔‘ لڑکی نے بتایا کہ انھوں نے اس کے کپڑے قینچی سے کاٹ ڈالے اور جب اس کی کزن نے اسے دوپٹہ دیا تو ملزمان نے اسے (دوپٹے کو) اٹھا کر پھینک دیا۔

متاثرہ لڑکی کے بھائی پر یہ الزام تھا کہ اس نے تین سال پہلے ملزمان میں سے کسی ایک کی بیٹی کو موبائل فون دیا تھا جس پر وہ دونوں باتیں کرتے تھے

انھوں نے مزید بتایا ’میں ایک مکان میں داخل ہوئی اور چارپائی کو پکڑا تو مجھے کھینچ کر باہر لے آئے۔ ایک شخص نے مجھے بچانا چاہا تو اسے بھی دھکا دیا اور پھر مجھے ساتھ لے گئے اور بعد میں مجھے دیہات سے دور چھوڑ کر چلے گئے۔‘

متاثرہ لڑکی کی والدہ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو ڈھونڈتی ہوئی گاؤں کی گلی میں آئیں تو وہاں دیوار پر مسلح افراد موجود تھے۔ ’میں نے اپنی بچی کا پوچھا تو انھوں نے کہا کہ اپنے بیٹے کو بھیجو۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پولیس بھی ان کی کوئی شکایت نہیں سن رہی تھی بلکہ ملزمان کا ساتھ دے رہی تھی۔

ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ لڑکی کو مکمل برہنہ نہیں کیا گیا تھا بس بازو کے قریب سے قمیض پھاڑی گئی تھی۔

چودھوان سے آزاد ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے لڑکی کو مکمل برہنہ کیا تھا اور انھیں گاؤں کی گلیوں میں چلنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ جب معاملہ میڈیا پر آیا تو ملزمان نے علاقے کے با اثر افراد سے رابطے بھی کیے تاکہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو سکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp