عمران خان جمائمہ سے دوبارہ شادی کر لیں، اپنے لئے لڑکا ڈھونڈ لیا : اداکارہ میرا


اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اچھے سیاست دان ہیں۔ انہیں اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ سے دوبارہ شادی کر لینی چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے لئے لڑکا تلاش کر چکی ہیں۔ اور جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا آج لاہورکی فیملی عدالت میں تکذیب نکاح کی سماعت کے لیے پیش ہوئیں۔ سماعت کے دوران فیملی عدالت نے اداکارہ میرا کے نکاح کے کیس سے متعلق درخواستوں پر نو سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے تکذیب نکاح کیس میں تمام متفرق درخواستوں کو خارج کردیا اور کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا۔

اس موقع پرعدالت سے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے اپنے ماضی کے بیان کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاستدان سے شادی کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا۔ تاہم انہوں نے اپنے لئے لڑکا ڈھونڈ لیا ہے اورجلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے شادی کے متعلق سوال پر میرا نے شرماتے ہوئے کہا کہ عمران خان اچھے سیاستدان ہیں۔ انہیں اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ سے دوبارہ شادی کرلینی چاہئے۔

واضح رہے کہ ماضی میں اداکارہ میرا پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے کئی بار شادی کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نئے پاکستان میں عمران خان کو نیا وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہیں اور یہ کہ اگر عمران خان انہیں شادی کی پیشکش کریں گے تو وہ انکار نہیں کریں گی بلکہ فوراً حامی بھر لیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).