ڈاکٹر عطاالرحمن…. عطائے تو، بہ لقائے تو
’جمعے پہ جمعہ گزرتا جا رہا ہے۔ مسلمانو! میں خلیفہ اسلام کی امامت میں جمعہ پڑھنا چاہتا ہوں‘۔ یہ پیغام تھا غلام محمد صاحب کا جو آج سے 40 برس پہلے کے لاہور میں ایک معروف شخصیت تھے۔ ڈبل ڈیکر بس میں ہاتھ سے لکھا ایک پلے کارڈ اٹھا کر کھڑے ہو جاتے تھے۔ ”جمعے پہ جمعہ گزرتا جا رہا ہے۔ منجانب غلام محمد، کوچہ احاطہ تیزاب والا“۔ امروز اخبار میں ان کا یہ اعلان برسوں شائع ہوتا رہا۔ عجیب اتفاق ہے کہ جنرل ضیاالحق کا ظہور ہونے کے بعد اخبار میں یہ اشتہار نظر نہیں آیا۔ خدا معلوم غلام محمد کا جمعہ پڑھنے کا شوق ٹھنڈا پڑ گیا یا وہ خود دنیا سے پردہ فرما گئے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے مجھے غلام محمد بہت یاد آ رہے ہیں۔ وجہ یہ کہ ہمارے مہربان نواب دانش یار جنگ ڈاکٹر عطاالرحمن کو بے طرح صدارتی نظام حکومت کا شوق چرا رہا ہے۔ درد اٹھ اٹھ کے بتاتا ہے ٹھکانہ دل کا…. قبلہ دانش گاہی نے صدارتی نظام کا مصرع 2014ء کے موسم گرما میں ان دنوں اٹھایا جب اسلام آباد پر یلغار المعورف دھرنا کی آمد آمد تھی اور کینیڈا والے عارف العصرکی تشریف آوری کے لیے دن گنے جا رہے تھے۔ اور پھر اب ڈاکٹر عطاالرحمن کے رشحات قلم کا مرکزی نقطہ عنوان ’صدارتی جمہوریت کا قیام‘ٹھہرا ہے۔ آئی زنجیر کی آواز خدا خیر کرے….
1942ء میں دہلی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عطاالرحمن سائنس کے مرد میدان ہیں۔ درجنوں کتابیں لکھ رکھی ہیں۔ سینکڑوں مقالے شائع ہوئے۔ اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ ان گنت اعزازات سے سرفراز ہوئے۔ پرویز مشرف کے عہد میں تعلیم اور سائنس کا قلم دان بھی سنبھالا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بنیاد رکھی۔ ان کے زیر عاطفت ایم ایم اے کے 67 ارکان اسمبلی کی اسناد پڑے پڑے رنجک چاٹ گئیں۔ 76 برس کی عمر میں ڈاکٹر عطاالرحمن کبھی انتخابی سیاست کا حصہ نہیں رہے۔ ڈاکٹر صاحب میں ان گنت خوبیاں ہیں لیکن عزیمت کبھی ان کی پہچان نہیں رہی۔ سیدھے اور کھرے ٹیکنو کریٹ ہیں۔ کچھ عرصے سے ڈاکٹر صاحب کو آئینی اور سیاسی امور پر خیال آرائی کا شوق چرایا ہے۔ ملک کا شہری ہوتے ہوئے یہ ان کا حق ہے۔ مشکل یہ ہے کہ ان کا توسن خیال ادبدا کر ان کمین گاہوں کا رخ کرتا ہے جہاں سے نکلنے والے اندھے تیروں نے ہمارے جسد اجتماعی کو چھلنی کر رکھا ہے۔ بان سات نکات پر مبنی ایک ’صدری نسخہ‘ تیار کر رکھا ہے۔ خلاصہ ان کے فرمودات کا یہ ہے کہ صدارتی نظامِ جمہوریت متعارف کرایا جائے۔ صدر قابلیت اورذہانت کی بنیاد پر وزرامقرر کرے۔ اراکین پارلیمنٹ کو وزیر نہ بنایا جائے۔ اعلیٰ حکومتی افسران کی تقرری سے پہلے ’معززین کی کمیٹی‘ جانچ پڑتال کرے۔ سیاسی وابستگی کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ (بہتر ہو گا کہ سیاسی وابستگی کو جرم قرار دے دیا جائے)۔ سابقہ فوجیوں کو اساتذہ مقرر کیا جائے۔ ریاستی بندوبست میں فوج کا باضابطہ کردار ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں ایران اور ترکی کے نمونے انہیں خاص طور پر مرغوب ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کے خیالات ملک و قوم کے لئے نہایت نقصان دہ نتائج کے حامل ہو سکتے ہیں لہٰذا ان سے متعلقہ سوالات اٹھانا مناسب ہو گا۔
ڈاکٹر صاحب اس کی تصریح نہیں کرتے کہ بدعنوان سیاسی ثقافت سے برآمد ہونے والے صدر کی دیانت داری کی کیا ضمانت ہو گی؟ قانون سازی اور فیصلہ سازی میں اختلاف کی صورت میں حتمی فیصلہ کیسے ہو گا؟ مقننہ اور انتظامیہ میں تفریق ہو گی تو کیا انتظامی اختیارات رکھنے والے ’ذہین اور باصلاحیت افراد‘ قانون سازی کی روح کو مجروح کرنے پر مائل نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر موصوف یہ توضیح بھی نہیں فرماتے کہ کیا منتخب پارلیمنٹ براہ راست منتخب ہونے والے صدر اور ان کی چنیدہ کابینہ کی جواب دہی کر سکے گی؟ کیا متناسب نمائندگی کا اصول ایک مستقل معلق پارلیمنٹ کی صورت میں برآمد نہیں ہو گا۔ جناب عطاالرحمن یہ وضاحت بھی نہیں فرماتے کہ ان کے موعودہ متناسب نظام میں وفاقی اکائیوں کی موثر نمائندگی کو کیسے ممکن بنایا جا سکے گا؟ اگر قانون سازی کا منبع مقننہ ہو گی تو فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہو گا۔ واضح رہے کہ فیصلہ سازی میں قومی ترجیحات کا تعین بالخصوص مالیاتی وسائل کی تقسیم بھی شامل ہے۔
ہمارے وزرائے اعظم کی فہرست میں خواجہ ناظم الدین ، محمد خان جونیجو ، بے نظیر بھٹو ، نواز شریف ، ظفراللہ جمالی ،فیروز خان نون اور شوکت عزیز جیسے نام جگمگا رہے ہیں اور دوسری طرف ہمیں سکندر مرزا ،ایوب خان ، ضیاالحق ، فاروق لغاری اور غلام اسحاق خان جیسے صدور سے واسطہ رہا ہے۔ اس ناقابل رشک روایت کے ہوتے ہوئے قوم کس برتے پر ڈاکٹر عطاالرحمن سے تتا پانی مانگے۔ ہم نے غیر جماعتی انتخابات کے شاخسانے دیکھ رکھے ہیں۔ اب ڈاکٹر عطاالرحمن تجویز کرتے ہیں کہ قانون ساز اداروں کے لیے منتخب ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کو وزارتوں سے محروم رکھا جائے گا۔ گویا پارلیمنٹ کی حاکمیت محدود ہو گی اور حقیقی اختیار صدر کے نامزد کردہ ”ذہین ، باصلاحیت اور دیانت دار“ افراد کے ہاتھ میں ہو گا۔ یعنی اے کے سومار ، مانڈوی والا، مصطفی گوکل ، زبیدہ جلال اور میجر ابن الحسن وغیرہ۔ ڈاکٹر عطاالرحمن کو شاید استحضار نہیں ہو رہا کہ ہمارے ملک میں پہلی ’باصلاحیت کابینہ‘ گورنر جنرل غلام محمد نے دستور ساز اسمبلی توڑ کر تشکیل دی تھی۔ ایوب خان اسی کابینہ میں آرمی چیف ہوتے ہوئے وزیر دفاع بنے تھے۔گستاخی نہ ہو گی اگر ایک پرانا اصول یاد دلایا جائے کہ حکومت میں نمائندگی کے بغیر ریاست محصولات کا مطالبہ نہیں کر سکتی اور نمائندگی سے مراد فیصلہ سازی اور جواب دہی کا حق ہے۔
ڈاکٹر عطاالرحمن قائداعظم کی اسی موہوم ڈائری کے اقتباسات نکال لائے ہیں جس کے صفحات جنرل ضیاالحق نے مجلس شوریٰ کے سامنے دہرائے تھے۔ مفروضہ طور پر قائداعظم نے 10 جولائی 1947ء کو پارلیمانی طرز حکومت کے خطرات کے بارے میں ایک نوٹ لکھا تھا۔ 10جولائی 1947 ءکے یہ موہوم مندرجات نامزد مجلس شوریٰ کے سامنے تو دہرائے جا سکتے ہیں منتخب پارلیمنٹ کی دستاویزات میں تو قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کی تقریر ہی محفوظ ہے۔
ڈاکٹر عطاالرحمن کو ہمارے عدالتی نظام کے ناقص ہونے سے بہت شکوہ ہے۔ صاحب، ہمارا عدالتی نظام کچھ ایسا ناقص بھی نہیں، کم ازکم چار دفعہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کو جواز عطا کر چکا ہے۔ ڈاکٹر عطاالرحمن جاگیردارانہ نظام پر کفش کاری سے خاص شغف رکھتے ہیں۔ تحقیق کرنی چاہیے کہ 1947 ءکے بعد پاکستان میں کون سا طبقہ ہے جسے نئے جاگیردار کا خطاب دیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر موصوف بڑھتی ہوئی ناخواندگی سے بہت پریشان ہیں۔ یہ کہنے کا تو یارا نہیں کہ ’اے صبا ایں ہمہ آوردہ تست‘۔ لیکن یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ ہماری مشکلات کا منبع دس کروڑ ناخواندہ شہری نہیں۔ ہماری مشکلات تو اس طبقے نے پیدا کر رکھی ہیں جسے dysfunctional خواندگی کا نمونہ کہنا چاہیے۔
ڈاکٹر صاحب جمہوریت کو ایک گھناﺅنا کاروبار کہتے ہیں جہاں کروڑوں کی سرمایہ کاری سے سیٹیں خریدی جاتی ہیں۔ واقعتا اس کا ایک ’کم خرچ بالا نشیں ‘ نسخہ بھی موجود ہے۔ موہوم بدعنوانی کی ضخیم فائلیں دکھا کے نشستیں تو کیا، ضمیر خریدے جا سکتے ہیں اور ہماری تاریخ میں جب یہ ہوا تو ڈاکٹر صاحب ’محرم راز درون مے خانہ‘ تھے۔ ڈاکٹر صاحب کو بلدیاتی انتخابات میں بہت دلچسپی ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کی افادیت اور جمہوریت میں ان کے کردار سے کوئی انکار نہیں۔ اڑچن یہ ہے کہ ایک خاص ذہن کو بلدیاتی نظام حکومت اس لیے پسند ہے کہ نالیوں پر چونا گرانے اور مٹھائی ،گوشت کی دکانوں پر جالی لگانے کا کام بلدیاتی نمائندوں کو سونپ دیا جائے جبکہ ملک کی قسمت کے فیصلے ’ذہین، باصلاحیت اور نامزد‘ افراد کیا کریں۔
ڈاکٹر صاحب تجویز دیتے ہیں کہ وزرا، گورنر اور دیگر سرکاری افسران کی قابلیت جانچنے کے لیے ایک ’معززین کی کمیٹی‘ سے منظوری لینا چاہیے۔ یہ کمیٹی غیر سیاسی اور معاشرے کے انتہائی قابل احترام افراد پر مشتمل ہونی چاہیے۔ سوال یہ ہے کہ وزارت تو ایک سیاسی عہدہ ہے، غیرسیاسی کمیٹی سیاسی اہلیت کیسے جانچے گی۔ نکتے کی بات یہ ہے کہ جس قوم کے شہریوں کو ووٹ کے ذریعے اپنے حکمران چننے کا احترام نہ ملے، اس معاشرے میں کوئی شخص قابل احترام نہیں ہوتا۔ مہذب قوموں میں احترام کا درجہ شیروانی کی تراش خراش اور لب و لہجے کے شین قاف سے متعین نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر صاحب پرائمری اور ثانوی تعلیم کو بنیادی ترجیح قرار دینا چاہتے ہیں۔ بہت خوب! تعلیم کی ایک صورت تو وہ ہے جس میں ڈاکٹر صاحب کا قائم کردہ ہائر ایجوکشن کمیشن کاغذ کے ٹکڑے بانٹتا ہے۔ تعلیم کی ایک دوسری صورت ذہنوں کو بیدار کرتی ہے اور ایک ایسی افرادی قوت کو سامنے لاتی ہے جو پیداواری ، تخلیقی اور تنقیدی صلاحیتوں سے بہرہ ور ہو۔ مشکل یہ ہے کہ یہ دوسری قسم کی تعلیم ہی آج کی دنیا میں حقیقی تعلیم کہلاتی ہے اور ایسی تعلیم رکھنے والے افراد ڈاکٹر صاحب کا یہ خانہ ساز سیاسی بندوبست قبول نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر صاحب غیر منتخب اشرافیہ اور فوج کے گٹھ جوڑ پر مبنی سیاسی بندوبست کی وکالت کر رہے ہیں۔ ان کے خیالات عالیہ سے آئین کا پتہ کٹ جاتا ہے۔ وفاق کی بدھیا بیٹھ جاتی ہے۔ آئینی اداروں میں اختیار اور احتساب کی علیحدگی کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔ منصفانہ سماعت کے معیارات ردی کی ٹوکری میں پہنچ جاتے ہیں۔ قوم ایک اندھی گلی میں جا نکلتی ہے۔ ڈاکٹر عطاالرحمن نہایت قابل احترام ہستی ہیں۔ انہیں یاد دلانا چاہیے کہ سائنس کی تجربہ گاہوں میں بامعنی تحقیق کے لیے جس ذہن کی ضرورت پیش آتی ہے وہ ذہن تاریخ ، فلسفہ اور ادب کی درس گاہوں میں تیار کیا جاتا ہے۔ ہم نے سائنس کے نام پر اہل حرفہ کی چیرہ دستی بہت دیر برداشت کی اور ہم نے ’صلاحیت ، مستعدی اور ذہانت‘ کے نام پر نمک کے بہت سے پتوار آزما رکھے ہیں۔ پاکستان ایک وفاقی دستوریہ ہے جس میں سیاسی عمل کی ایک طویل روایت ہے۔ ہمیں بہت سی کٹھنائیوں کا سامنا ہے لیکن ابھی اس قوم کا ذہنی امکان اور اجتماعی ضمیر ایسا بانجھ نہیں ہوا کہ اسے میر تقی میر کے عطار کی جبہ سائی کی ضرورت پیش آئے۔ میر کا شعر دہرانا تو بوجوہ ممکن نہیں۔ احمد فراز کا شعر سہی۔ شعر تو نام ہی اشارے کا ہے۔
زندگی تیری عطا ہے تو یہ جانے والا
تیری بخشش تری دہلیز پر دھر جائے گا


