کیا بھگت سنگھ دہشت گرد تھا؟


اصل فیصلے میں تاریخ ، مارچ کی چوبیس ، درج تھی مگر چند ناقابل بیان وجوہات کی بنا پر یہ وقت لگ بھگ سولہ گھنٹے آگے کرنا پڑا۔ جیل کے حکام نے کوشش کی تھی کہ یہ خبر کال کوٹھری کے اندر ہر گز نہ پہنچے سو تینوں اسی طرح اگلے دن کا انتظار کرتے رہے۔ پنجاب میں بہار آ چکی تھی۔ جب دونوں وقت مل رہے تھے اور دادی جے کور بی بی گھڑے ڈھانپ کر اندر جا رہی تھی تو اچانک اس کے اپنے اندر کچھ ٹوٹ گیا۔ صبح کے سات بج کر تیس منٹ ہوئے تھے اور 1931 کا سنہ تھا۔

گاﺅں سے بہت دور لاہور شہر میں داتا دربار کی اذانیں مدھم پڑیں تو جیل میں ایک ہلچل مچ گئی۔ ڈیوٹی پہ موجود مجسٹریٹ نے آنے سے انکار کر دیا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ، نوکری بچانے کی خاطر قصور کے ایک آنریری جج ، نواب محمد احمد، کو لایا اور اسی نے حکم نامے پہ دستخط کئے۔ وقت آنے پہ تینوں اپنے پیروں پہ چل کر پھانسی گھاٹ تک گئے۔ ان میں سے ایک نے انگریز سرجن کو مخاطب کر کے کہا۔ ”صاحب! دیکھ لو، ہندوستان میں لوگ اس طرح موت کو گلے لگاتے ہیں“۔ جلاد نے ٹہوکا دیا اور فاتحانہ مسکراہٹ اچانک کالے نقاب میں چھپ گئی۔ گھڑی کی بڑی سوئی، چھوٹی سوئی سے تھوڑا ہی پیچھے تھی جب ایک ہاتھ ہوا میں لہرایا اور تین جسم پھندے پہ جھول گئے۔ صبح کے سات بج کر تیس منٹ ہوئے تھے اور 1931 کا سنہ تھا۔

 رات کی تاریکی میں جیل کی پچھلی دیوار توڑ کر ان زندہ شہیدوں کے مردہ جسموں کو نکالا گیا، گنڈا سنگھ والا کے مضافات میں آگ دکھائی گئی اور راکھ ستلج کے پانیوں میں بہا دی گئی۔ جس دن بھگت سنگھ کی پھانسی کی خبر لگی، اس دن پہلی بار ہندوستان میں گاندھی مردہ باد کا نعرہ لگا۔

ریل اب دوآبے میں کھلی پھرتی ہے۔ اس کے مزاج میں کسان جیسی بے فکری در آئی ہے! بیاج، بارش کی پروا نہیں اور فصل، مویشی پہ اختیار نہیں۔ ایسا توکل صرف دیہات ہی کا مقدر ہے۔ جڑانوالہ سے نکل کر ریل تاندلیانوالہ کا قصد تو کرتی ہے مگر ایک گاﺅں ہے کہ اس کے پلو سے بندھا ہے اور لاکھ چھڑانے پر بھی الگ نہیں ہوتا۔ یہ 105 گ ب بانگا ہے، بھگت سنگھ کا گاﺅں! یہیں اس درویش صفت انقلابی نے آنکھ کھولی تھی۔ میں نے بابا سے پوچھا! بھلا انقلابی اور درویش کا کیا جوڑ ؟ بابا بولے، ”جو دنیا کے بنائے راستوں سے ہٹ جائے، وہ انقلابی اور جو ان کی پروا نہ کرے ، وہ درویش۔ نظر نظر کی بات ہے ورنہ دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں“۔

بھگت سنگھ کے گھرانے میں انقلاب کا چلن عام تھا۔ دادا ارجن سنگھ کے تین بیٹے تھے۔ چاچا اجیت سنگھ، لالہ لاجپت رائے کے ساتھ ایک بار کالا پانی کاٹ چکے تھے اور ہندوستان کے علاوہ بھی انگریز سامراج کے خلاف تحریکوں کا حصہ رہے تھے۔ بابا کشن سنگھ بھی کئی بار جیل جا چکے تھے اور رہے چاچا سورن سنگھ، تو ان کا بھگت سے ایک اور ہی تعلق تھا۔ کہتے ہیں جس وقت انگریز سرکار کے بدترین تشدد کی وجہ سے سورن سنگھ کا انتقال ہوا ، اسی وقت بھگت سنگھ نے لائلپور کے اس گمنام سے گاﺅں میں آنکھ کھولی تھی۔

سکول سے کالج تک کا سفر طے کرتے کرتے اس نے بہت کچھ سیکھ لیا تھا۔ نیشنل کالج سے دوارکا داس لائبریری تک جتنی سرخ کتابیں موجود تھیں ، بھگت نے سب پڑھ ڈالی تھیں۔ یہ انقلاب کا زمانہ تھا۔ دنیا نے جنگ تازہ تازہ دیکھی تھی اور سارے ہندوستان میں قوم ، قوم کا آٓوازہ بلند ہو رہا تھا۔

دسہری آموں اور زردوزی کے کام کے لئے مشہور کاکوری اسٹیشن کے قریب، چند انقلابیوں نے، لکھنؤ جانے والی 8 ڈاﺅن کو لوٹ لیا تھا۔ انگریز مجرموں کو مثال بنانا چاہتے تھے اور اس واقعے کی آڑ میں ہندوستان سے انقلاب کے تمام نام لیواﺅں کو ختم کرنا چاہتے تھے۔ پولیس نے کئی چھاپوں کے بعد بالآخر رام پرساد بسمل، اشفاق اللہ خان، ٹھاکر روشن سنگھ اور راجندر ناتھ لہری کو گرفتار کیا اور عدالت نے انہیں سزائے موت سنا دی۔

اسی دوران لاہور میں رام لیلا کے موقع پہ ایک بم دھماکہ ہوا۔ بھگت سنگھ اس وقت لاہور میں تھا سو پولیس نے اسے بھی گرفتار کیا اور کئی دن قید تنہائی میں رکھنے کے بعد ساٹھ ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کر دیا۔ کشن سنگھ کنوئیں والا مربع بیچ کر بیٹا گھر لائے تو دادی جے کور نے جھٹ سے اس کی شادی کی بات پکی کر دی مگر سب جانتے تھے کہ بھگت زیادہ دن رکے گا نہیں۔ جیل میں لگے داغ اب بہار دکھا رہے تھے اور بھگت سنگھ کے اندر انگریز راج کے خلاف انتقام کا جذبہ زور پکڑ رہا تھا۔ ہندوستان ری پبلک ایسوسی ایشن کا قیام اور بعد میں اس نام میں سوشلسٹ لفظ کا اضافہ اسی دور کی یادگار ہیں۔

1928  میں سائمن کمیشن ہندوستان آیا تو لاہور اسٹیشن پہ احتجاج کرنے والوں میں لالہ لاجپت رائے بھی شامل تھے۔ پولیس نے پہلے تو ہجوم کو پرامن طریقے سے منتشر کرنے کی کوشش کی مگر پھر سپرنٹنڈنٹ سکاٹ کے کہنے پہ لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ ایک لاٹھی لالہ لاجپت رائے کو بھی لگی جس کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چند دنوں بعد انتقال کر گئے۔ لالہ لاجپت رائے کے قتل کے ضمن میں سپرنٹنڈنٹ سکاٹ کا نام لیا جانے لگا۔ دسمبر کی سترہ تاریخ کو پولیس ہیڈ کوارٹر کے سامنے کسی نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سانڈرس کو گولی مار کر قتل کر دیا اور اسی رات لاہور کے درودیوار پہ ایک پوسٹر چسپاں ہوا جس میں ہندوستان سوشلسٹ ری پبلکن آرمی نے اس قتل کو لالہ لاجپت رائے کے قتل کا بدلہ قرار دیا۔ یوں تو اس قتل کا منصوبہ بھگت سنگھ ، راج گرو اور چندر شیکھر آزاد نے مل کر بنایا تھا اور گولی کا اصل نشانہ سپرنٹنڈنٹ سکاٹ تھا، مگر عین وقت پہ سکاٹ کی جگہ سانڈرس ہیڈ کوارٹر سے نکل آیا اور نشاندہی کرنے والے نے عجلت میں بھگت سنگھ کو گولی چلانے کا اشارہ کر دیا۔ ہندوستان میں ایک گورے پولیس افسر کا مارا جانا عام بات نہیں تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ساری پولیس حرکت میں آ گئی۔ لاہور کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دئے گئے مگر بھگت سنگھ اور اس کے ساتھی لاہور سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

اگلا منظر اپریل کی آٹھ تاریخ کا ہے جب دہلی کے اسمبلی چیمبر میں بدیسی لباس میں ملبوس دو نوجوان داخل ہوئے۔ جب اسمبلی کی کارروائی اپنے عروج پہ تھی، انہوں نے خالی بنچوں کی طرف دو بم پھینکے۔ ان بموں سے ہال میں دھماکہ تو ہوا مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ کے بعد بم پھینکنے والے نوجوان نعرے لگاتے نیچے آ گئے، انقلاب زندہ باد، انگریز راج مردہ باد۔ جلد ہی پولیس موقع پہ آ گئی۔ بھگت سنگھ اور بتو کیشور دت نے خود کو گرفتاری کے لئے پیش کر دیا۔

 سات مئی کو مقدمے کی ابتدا ہوئی۔ ادھر یہ مقدمہ چلنا شروع ہوا اور ادھر بھگت سنگھ نے سوراج کا پیغام عام کرنے کے لئے عدالت کے کٹہرے کو منتخب کیا۔ تھوڑے ہی دن میں عدالت میں ادا ہونے والا ایک ایک لفظ شام سے پہلے ہندوستان کے کونے کونے تک پہنچ جاتا۔ مزید بدنامی سے بچنے کے لئے جلد ہی ان دونوں کو چودہ سال کی قید سنا دی گئی۔ اسی دوران چند اور شواہد ملے اور گرفتاریاں ہوئیں جن کے بعد بھگت سنگھ کا تعلق سانڈرس کے قتل کیس سے جوڑنا ممکن ہو گیا، لہٰذا چودہ سال کی سزا کالعدم ہوئی اور قتل کا مقدمہ شروع ہو گیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران بھگت سنگھ کو میانوالی جیل منتقل کر دیا گیا جہاں اس نے ہندوستانی اور انگریز قیدیوں کے درمیان امتیازی سلوک دیکھا۔ اس کا موقف تھا کہ سیاسی قیدی خواہ وہ ہندوستانی ہو یا انگریز ایک جیسے برتاﺅ کا حقدار ہے اور اس کے ساتھ اخلاقی مجرموں والا برتاﺅ نہ کیا جائے۔ جب جیل حکام نے بھگت سنگھ کی بات نہ مانی تو اس نے بھوک ہڑتال کر دی۔ انگریزوں نے بہت کوشش کی مگر اس کا ارادہ نہ ٹوٹ سکا۔ ہر گزرتے ہوئے دن کے ساتھ بھگت سنگھ، ہندوستان بھر میں مشہور ہوتا جا رہا تھا۔ جب معاملہ شدت اختیار کر گیا تو اس مقدمے کو وقت سے پہلے شروع کیا گیا اور اب سانڈرس کے قتل کے علاوہ سکاٹ کے قتل کی منصوبہ بندی اور شاہ برطانیہ کے خلاف اعلان جنگ بھی بھگت سنگھ کے ذمے تھا۔ اس کی بھوک ہڑتال جاری تھی اور اسی حالت میں اسے لاہور کی بورسٹل جیل میں لایا گیا۔

پانچ اکتوبر 1946 کو بھگت سنگھ نے کانگریس کی قرارداد اور اپنے باپ کے حکم پہ 116 دن کی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔ اس کے آگے کی داستان بہت مختصر ہے، عام عدالتی کارروائی کی طوالت سے بچنے کے لئے ایک خصوصی ٹریبونل بنایا گیا، جس نے قانون کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے 7 اکتوبر 1930 کو تین سو صفحات پہ مشتمل فیصلے میں بھگت سنگھ، راج گرو اور سکھدیو کو پھانسی کی سزا سنا دی۔ اصل فیصلے میں تاریخ ، مارچ کی چوبیس ، درج تھی۔

حسینی والا کے جس مقام پہ ان تینوں شہیدوں کا انتم سنسکار کیا گیا اب وہاں شہیدی میلہ لگتا ہے۔ہندوستان میں بھگت سنگھ کی آبائی تحصیل کا نام بدل کر شہید بھگت سنگھ نگر رکھ دیا گیا ہے، راج گرو کے گاﺅں کا نام بھی راج گرو نگر ہے اور سکھ دیو کے نام سے بھی ایک ٹرسٹ لدھیانہ میں کام کرتا ہے۔ لاہور میں جس جگہ اب شادمان کا فوارہ چوک ہے، قریب قریب یہیں بھگت سنگھ کو پھانسی دی گئی تھی۔ کچھ من چلوں نے سرکار سے یہ فرمائش کی کہ اس چوک کا نام بدل کر بھگت سنگھ چوک رکھ دیں۔ پہلے تو حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیا پھر آخر کار اسلام کو خطرے میں ڈال کر اس فرمائش سے جان چھڑائی۔

بھگت سنگھ کی 404 صفحات والی ڈائری ورق پہ ورق پلٹ رہی تھی اور میں سوچ رہا تھا کہ ہندوستان کے مقدر میں آزادی لکھنے والے کون لوگ تھے۔ کانگریس میں بیٹھ کر قراردادیں پاس کرنے والے یا جیل کی کوٹھڑی میں رہ کر معاشرے کی ابتدا کو سمجھنے والا یہ انقلابی۔ مصلحت کی آواز آئی کہ انقلاب بس ایک نظام سے دوسرے نظام تک کا راستہ ہے، وہ بھلے فرانس کا انقلاب ہو جس میں ایک بادشاہ کو تخت سے اتارنے کے بعد انقلاب نے دوسرے بادشاہ کو تخت پہ بٹھا دیا۔ روب سپئر جیسے انقلابی خود تختہ دار پہ چڑھ گئے اور نپولین بادشاہ بن گیا۔ اسی طرح ہندوستان کے لوگ انگریز حکمرانی سے نکلے تو اپنے لوگوں کے چنگل میں پھنس گئے، جبر اور تشدد کے نظام کی جگہ الاٹمنٹوں اور کلیموں کے نظام نے لے لی۔ بھگت سنگھ جیسے انقلابی جیلوں میں جان دے گئے اور مسلم لیگ کانگریس اب بھی پارلیمان میں بیٹھ کر عوام کے فیصلے کرتی ہیں۔

کرہ خاک ہے گردش میں تپش سے میری

میں وہ مجنوں ہوں جو زنداں میں بھی آزاد رہا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
10 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments