پاکستان امریکہ کے نشانے پر مگر ہماری بے نیازی


یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ نے محض مسلمانوں ہی کو ناراض نہیں کیا، دیوانگی کی حد تک متعصب سوچ کے حامل ایک فرقے کے سوامسیحی برادری کی بے پناہ اکثریت کو بھی پریشان کردیا ہے۔

برطانیہ کے ساتھ امریکہ کے ہمیشہ ”خصوصی رشتے“ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کی ثقافت Anglo-Saxonسوچ پر ا ستوار ہوئی۔ پاپائیت سے بغاوت اس کا اہم ترین جزو رہا ہے۔ اسی کی وجہ سے چرچ آف انگلینڈ نے اپنی علیحدہ شناخت بنائی۔ پاپائیت کی مسیحی مذہب پر اجارہ داری کے خلاف بغاوت اگرچہ جرمنی اور ہالینڈ میں شروع ہوئی تھی۔ بائبل کو فقط لاطینی زبان میں پڑھنا اسی بغاوت کی وجہ سے ضروری نہ رہا۔اس میں لکھی دعاﺅں کے مقامی زبانوں میں تراجم ہوئے اور عام انسانوں نے انہیں عبادت کے لئے اپنالیا۔ فیصلہ یہ بھی ہوا کہ گاﺅں کا کوئی بھی پڑھا لکھا شخص اتوار کی صبح کسی بھی میدان میں کھڑا ہوکر ”کتاب مقدس“ کے چند حصے پڑھنے کے بعد اجتماعی دُعا کرواسکتا ہے۔

پاپائیت نے اس بغاوت کو ”کفر“ ٹھہرایا۔ ویٹی کن کے علاوہ یونانی اور روسی مسیحی بھی اپنے انداز میں ”بنیاد پرست“ رہے ہیں۔ ان سب ”بنیاد پرستوں“ کی نظر میں یہودی ایک بدقسمت قوم ہیں جو حضرت عیسیٰؑ پر ایمان نہ لانے کی وجہ سے بیت المقدس سے جلاوطن ہوکر دنیا بھر میں دربدر ہوئے۔ جس ملک بھی گئے وہاں کی Mainstream کا حصہ نہ بن پائے۔ بڑے شہروں کے نواح میں بنائی ”گندی“ بستیوں تک محدود رہے جنہیں Ghetto کہا گیا۔ وقتاً فوقتاً ان کی مخصوص بستیوں کو فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے اجاڑ دیا جاتا تھا۔

تاریخ کی اہم ترین حقیقت یہ بھی رہی کہ روس،سپین اور اٹلی جیسے ممالک میں مذہبی تعصب اور نسلی نفرتوں کا شکار ہوئے یہودی خلافتِ عثمانیہ کے زیرنگین علاقوں میں پناہ پاتے رہے۔ زارِ روس کی سلطنت میں موجود اس قوم کے لوگوں کے لئے ایران اکثر آخری جائے پناہ ثابت ہوا۔

مذہبی اور تاریخی وجوہات کے علاوہ برطانیہ،فرانس اور جرمنی ایسے ممالک ٹرمپ انتظامیہ کے یروشلم کے بارے میں کئے فیصلے کے ضمن میں اس وجہ سے بھی بہت پریشان ہیں کہ وہاں مسلمان تارکینِ وطن بے پناہ تعداد میں موجود ہیں۔ فرانس گزشتہ کئی برسوں سے دین اسلام کی غلط تعبیر کی بنا پر بھڑکائی دہشت گردی کا نشانہ ہے۔ اس جیسے یورپی ممالک اس آگ کو ٹرمپ کی ہاں میں غلامانہ انداز میں ہاں ملاتے ہوئے اپنے ہاں دہشت گردی کے مزید اور مسلسل واقعات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔

اقوام ِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور بعدازاں اس کی جنرل اسمبلی کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کو یروشلم کے حوالے سے جو خفت ملی اس نے ثابت کیا کہ یہودی، مسیحی اور مسلم اقوام کے لئے یکساں طورپر مقدس سمجھے اس شہر کے بارے میں فکر مندی فقط مسلمانوں تک محدود نہیں۔ اس فکر مندی کی بنیاد پر بلکہ مسلم اور مسیحی اقوام کے درد مند حضرات ایک وسیع تر Interfaith Dialogueکا اہتمام بھی کرسکتے ہیں جو Clash of Civilizationپر ہر صورت بضد آج کے جنونی ایام میں وسیع تر خیرکا باعث ہوسکتا ہے۔ مقامی مصیبتوں میں گھری Global Villageکی دعوے دار ہوئی اس دنیا میں لیکن کوئی ایک معتبر اور بین الاقوامی طورپر جانا پہچانا شخص نظر نہیں آتا جو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یروشلم پر لئے فیصلے کی مذمت سے بڑھ کر وسیع تر مزاحمت کی کوئی راہ دکھاسکے۔

ٹرمپ انتظامیہ کا یروشلم کی بابت فیصلہ محض ایک مسیحی فرقے کے دل کو بھایا ہے۔ Evangelicalلوگوں کا عقیدہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا ظہورِ موعوددرحقیقت یہودیوں کو ان پر ایمان لانے پر مجبور کرنے کی خاطر ہوگا۔ اس ظہور کے لئے مگر ضروری ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے یہودی بالآخر ولادتِ مسیح سے متعلق ”ارضِ مقدس“ میں جمع ہوکر وہاں Greater Israelقائم کردیں۔ اسرائیل کی کامل بالادستی کے خاتمے کے لئے ظہور مسیحؑ ضروری ہوجائے گا۔

امریکی نائب صدر Mike Pence کا تعلق بھی Evangelical فرقے سے ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی فیصلہ سازی کے عمل پر نگاہ رکھنے والوں کا دعویٰ ہے کہ Pence نے اپنے صدر کو یروشلم والا فیصلہ لینے پر مجبور کرنے والے گروہ میں اہم ترین کردار ادا کیا۔ وہ سرکاری اجلاسوں میں ہر 12سکینڈ کے بعد ٹرمپ کو اس دور کا عظیم ترین سیاست دان قرار دیتا ہے۔ مسلمانوں کا بدترین دشمن ہے۔ اس کا اصرار ہے کہ غیر مسلم مذاہب پر یہ سب سے کڑا وقت ہے۔ دنیا کے ہر مذہب کے ماننے والوں کو لہٰذا متحد ہوکر اسلام اور مسلمانوں کو شکستِ فاش دینا ہوگی۔

یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے میں چھپی ”فراست وبصیرت“ کو مشرقِ وسطیٰ میں موجود مسیحی افراد کو سمجھانے کے لئے اس نے ان کے رہنماﺅں سے ملاقاتوں کا منصوبہ بنایا۔ لبنان اور مصر میں موجود کوئی ایک مسیحی رہنما بھی اس سے اس ضمن میں ملاقات کو تیار نہیں ہوا۔ حتیٰ کہ یروشلم میں موجود 13 سے زائد مختلف مسیحی فرقوں کی عبادت گاہوں کے رہنماﺅں نے بھی ایک مشترکہ بیان کے ذریعے Penceسے ملاقات کو انکار کیا۔

اپنی خفت مٹانے لہٰذا Pence جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بغیر کسی پیشگی اطلاع کے افغانستان پہنچ گیا۔ کابل کے نواح میں واقع امریکی فوجی اڈے بگرام پر وہاں متعین افراد سے ایک دھواں دار خطاب کیا۔ اس خطاب کا مقصد محض یہ ثابت کرنا تھا کہ 16برس سے کھربوں ڈالر اور سینکڑوں جانیں ضائع کرنے کے باوجود اقتصادی اور فوجی اعتبار سے آج کی دنیا کی واحد سپرطاقت افغانستان میں ”امن“ قائم نہیں کر پائی ہے تو وجہ اس کی صرف اور صرف پاکستان ہے۔

Penceکی تقریر پنجابی کے اس محاورے کی عملی مثال ہے جہاں گدھی سے گر کر غصہ اس کے مالک بیچارے کمہار پر اتارا جاتا ہے۔ Pence کی اشتعال انگیز تقریر مگر یروشلم کے حوالے سے امریکہ کا مقدر ہوئی خفت سے جان چھڑانا والا Catharsis نہیں ہے۔ یہ بات دن بدن عیاں ہورہی ہے کہ امریکہ پوری دنیا پر اپنی دھونس ثابت کرنے کے لئے Power Projection کے لئے کوئی مقام ڈھونڈ رہا ہے۔ بدقسمتی سے افغانستان ہی وہ میدان ہے جو اپنی فوجی بغاوت کے بھرپور اظہار کے لئے امریکہ نے چن رکھا ہے اور اس بار اس ملک پر مسلط جنگ کو فقط وہاں تک محدود رکھنے کے ارادے نہیں ہیں۔

اصل نشانہ پاکستان ہے اور یہاں ہم اس غم میں مبتلا دِکھ رہے ہیں کہ کیا واقعتا نوازشریف نے ”نیک نیتی“ سے شہبازشریف کو اپنا جانشین نامزد کر دیا ہے اور اگر یہ ”نامزدگی“ خلوصِ نیت سے ہوگئی ہے تو کیا کینیڈا سے آئے ”شیخ السلام“ اپنی ”تحریکِ قصاص“ سے اسے بآسانی Execute ہونے دیں گے۔ کاش ہم جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بگرام میں ہوئی Pence کی تقریر کے تناظر کو سمجھنے کی ضرورت محسوس کرتے۔