"ہم سب” میں انگریزی اور رومن سیکشن کا اضافہ: مصدق سانول اور آزاد قلمدار کی یاد سے معنون


اردو کی مقبول ویب سائٹ "ہم سب” پر انگریزی سیکشن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اہتمام بھی کیا جا رہا ہے کہ ایک الگ حصے میں "ہم سب” کی منتخب تحریریں رومن رسم الخط میں شائع کی جائیں گی۔ "ہم سب” کے یہ دونوں حصے نئے سال کے پہلے دن سے پڑھنے والوں کے لئے دستیاب ہوں گے۔

"ہم سب” کی ٹیم کچھ عرصے سے انگریزی سیکشن اور اردو تحریروں کو رومن رسم الخط میں شائع کرنے پر کام کر رہی تھی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں (بالخصوص اردو زبان بولنے اور سمجھنے والے جدید تعلیم یافتہ نوجوانوں) کی ایک بڑی تعداد کو اردو رسم الخط سے واقف نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آتی ہیں۔ اسی طرح ہندوستان میں اردو زبان جاننے والوں کی ایک بڑی تعداد بھی اردو رسم الخط نہیں جانتی۔ ان طبقات کی سہولت کے لئے رومن رسم الخط میں اردو صحافت کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تیکنیکی دشواریوں کے باعث فی الحال رومن سکرپٹ میں مسودے قبول نہیں کئے جا سکتے۔

انگریزی حصے میں "ہم سب” کے لئے براہ راست لکھی جانے والی تحریروں کے علاوہ بین الاقوامی پریس کے منتخب حصے بھی شامل کئے جائیں گے۔ ہم سب کا انگریزی سیکشن ذیل کے ایڈریس پر پڑھا جا سسکے گا

ہم سب کی ٹیم نے اپنی اس کامیابی کو مرحوم صحافیوں مصدق سانول اور آزاد قلمدار کی یاد سے معنون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مصدق سانول پاکستان میں آن لائن اردو صحافت کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کا انتقال 15 جنوری 2014ء کو ہوا تھا۔ آزاد قلمدار "ہم سب” کے پیشہ ورانہ  خدوخال سنوارنے میں جوش و جذبے سے شریک تھے۔ آزاد قلمدار نے آن لائن اردو صحافت میں رومن رسم الخط کے امکانات کی نشاندہی کی تھی۔ مارچ 2016 میں کینسر کے باعث انتقال کے وقت آزاد قلمدار کی عمر صرف 34 برس تھی۔

Facebook Comments HS