حافظ سعید کی یروشلم ریلی میں شرکت: فلسطین نے پاکستان میں اپنا سفیر واپس بلا لیا


فلسطین نے پاکستان میں اپنے سفیر ولید ابو علی کو کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی موجودگی میں یروشلم کی حمایت میں منعقد کی گئی ریلی میں شرکت کرنے پر وطن واپس بلا لیا ہے۔ انڈیا نے فلسطین کے سفیر کی اس ریلی میں شرکت پر اعتراض کیا تھا۔

فلسطینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا: ‘ہم پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر کی یروشلم کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کو ایک نادانستہ غلطی تصور کرتے ہیں جہاں وہ افراد بھی موجود تھے جن پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات ہیں اور اس غلطی کے باعث فلسطینی ریاست کے صدر کے حکم کے مطابق پاکستان میں فلسطینی سفیر کو فوری طور پر وطن واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے‘۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ، امریکہ اور انڈیا جماعت الدعوۃ کو شدت پسند تنظیم قرار دے چکے ہیں جبکہ انڈیا یہ الزام عائد کرتا ہے کہ تنظیم کے سربراہ حافظ سعید 2008 میں ہونے والے ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

فلسطین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’وہ انڈیا کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پورا ساتھ دیتے ہیں اور ساتھ ساتھ وہ انڈیا کی عالمی فورم پر فلسطین پر کی جانے والی اسرائیلی جارحیت کے خلاف حمایت کے شکر گزار ہیں‘۔

خیال رہے کہ فلسطینی سفیر ولید ابو علی کی کانفرنس میں شرکت کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے بعد سنیچر کو انڈیا کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا جس میں انھوں نے فلسطینی سفیر کی حافظ سعید کی موجودگی میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ‘ناقابل قبول’ قرار دیا اور اس کی شکایت انڈیا میں مقیم فلسطینی سفیر عدنان ابو الحیجا سے کی۔

اس بارے میں عدنان ابو الحیجا نے انڈین اخبار دی ہندو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘جو ولید ابو علی نے کیا وہ ہماری حکومت کو بالکل قبول نہیں ہے، ہمارے انڈیا کے ساتھ نہایت قریبی تعلقات ہیں اور ہم نے ہمیشہ انڈیا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حمایت کی ہے۔’

خیال رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ میں امریکہ کا اسرائیل میں اپنے سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف قرارداد پیش کی گئی تھی اور انڈیا نے اسرائیل سے قریبی تعلقات کے باوجود اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

اِدھر پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے سنیچر کی رات جاری کیے گئے بیان میں ترجمان نے یروشلم کے بارے میں پاکستانی موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں حالیہ امریکی فیصلے کے خلاف متعدد ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے ہیں جن میں سے کئی میں فلسطینی سفیر نے شرکت کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا: ‘جمعے کو ہونے والی ریلی بھی اسی نوعیت کی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور 50 سے زیادہ مقررین نے اس سے خطاب کیا جن میں حافظ سعید بھی شامل تھے۔

’پیدا کیے جانے والے تاثر کے برعکس، اقوام متحدہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں سے کسی شخص کی اظہار رائے کی آزادی سلب نہیں کی جا سکتی۔’

ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان اور عوام فلسطینی سفیر کی یروشلم کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلییوں میں شرکت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp