ورجن آئی لینڈ نے شریف خاندان کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا


برٹش ورجن آئی لینڈ نے شریف خاندان کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستانی حکام کی طرف سے بھیجی گئی درخواستیں ان کے قوانین کے مطابق نہیں ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی درخواست میں جو حقائق بتائے گئے ہیں ان میں ایسا کوئی پس منظر بیان نہیں کیا گیا جو یہ ثابت کرتا ہو کہ برٹش ورجن آئی لینڈ میں قائم کسی کمپنی یا کسی فرد نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہو۔

نیب ذرائع کی جانب سے فراہم کیے گئے خط کے جواب میں برٹش ورجن آئی لینڈ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست میں یہ واضح ہونا ضروری ہے کہ افراد یا کمپنیوں کی طرف سے کرپشن کیسے کی گئی۔ ورجن آئی لینڈ کے حکام نے مزید بتایا کہ متعلقہ کمپنیوں اور افراد کے بینک کے نام اور اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔ گویا شریف خاندان کے حوالے سے نیب جو تحقیقات کررہا ہے اس کی جانب سے برٹش ورجن آئی لینڈ کو متعلقہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں لہٰذا برٹش ورجن آئی لینڈ تعاون فراہم نہیں کر سکتا۔

خیال رہے کہ شریف خاندان کے خلاف نیب تحقیقات کررہا ہے اور اس تحقیقات میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ لندن کے فلیٹس کس کے ہیں اور یہ شریف خاندان کی ملکیت میں کب آئے۔ اس حوالے سے برٹش ورجن آئی لینڈ کا مؤقف بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ لندن فلیٹس کی ملکیت آف شورکمپنیوں نیلسن اور نیسکول کی ہے اور یہ دونوں کمپنیاں برٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).