عمران خان اپنی نئی شادی کے بارے میں جواب دیے بغیر ہی چلے گئے
چکوال: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنی روحانی رہنما کے ساتھ تیسری شادی کے بارے میں سوالات کا جواب دیے بغیر چلے گئے۔ اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج چکوال میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ جب عمران خان جلسہ سے واپس جانے لگے تو صحافیوں نے عمران خان کو گھیر لیا۔ میڈیا کے نمائندوں نے عمران خان سے اصرار کیا کہ خان صاحب اپنی تیسری شادی کی تصدیق یا تردید کریں۔ صحافیوں نے مزید سوال کیا کہ خان صاحب اپنی شادی کے بارے میں ہاں یا ناں میں جواب دیں۔ تاہم عمران خان اپنی نئی شادی کے بارے میں کوئی جواب دیے بغیر ہی گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔
اس موقع پر شیخ رشید اور عون چودھری بھی عمران خان کے ساتھ تھے۔ شادی سے متعلق صحافیوں نے عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چودھری سے سوال کیا تو انہوں نے جواب دیا، عمران خان کی شادی کی تردید کر چکا ہوں، خبر دینے والے صحافی عمر چیمہ کو قانونی نوٹس بھیجنے کا سوچ رہے ہیں۔
ادھر، چیئرمین تحریک انصاف کی تیسری شادی کی خبریں پھر زیرگردش ہیں۔ اخبارات نے عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق مؤقف لینے کے لئے مفتی سعید سے رابطہ کیا تو مفتی سعید نے ان کی تیسری شادی کی تصدیق یا تردید سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے معاملے میں کچھ کہنا ہے، ناں ہی کچھ سننا ہے۔


