اسد عمر کی مقبولیت کا راز کیا ہے؟

اپریل دو ہزار بارہ کی شام سیکٹر جی فائیو کی ایک گلی میں بہت رونق تھی۔ بڑی بڑی چھتریوں والی میڈیا کی گاڑیاں قطار سے ایک گھر کے باہر کھڑی تھیں۔ اندر بھی بڑی گہما گہمی تھی۔ یہ پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی دفتر تھا۔ ان دنوں عمران خان آئے روز ہی پریس کانفرنس کرتے تھے۔ لیکن اس شام میڈیا کو تاکید سے بلایا گیا تھا کہ ایک اہم اعلان کیا جانا ہے۔

سفید شلوار قمیض میں ملبوس عمران خان کے بائیں طرف شاہ محمود قریشی جہانگیر ترین اور مرحوم نعیم الحق براجمان تھے جب کہ ان کے دائیں ہاتھ پتلون قمیض میں ملبوس ایک نامانوس چہرہ تھا۔ جاذب نین نقش والے۔ دراز قد۔ یہ اسد عمر تھے۔ جن کی پارٹی میں شمولیت کے اعلان کے لئے یہ محفل بڑے تپاک سے سجائی گئی تھی۔ عمران خان نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سالوں کی تپسیا رنگ لائی ہے اور ایک بہت بڑی کمپنی کا سربراہ نوکری کو لات مار کر ان کی جماعت میں شامل ہورہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا نئے پاکستان کی معاشی پالیسی اسد عمر وضع کریں گے۔

Read more