لودھراں ضمنی الیکشن: مسلم لیگ نواز کو 25000 ووٹ کی بھاری برتری


 حلقے کے مجموعی 338 پولنگ سٹیشنز میں سے 280 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر اقبال شاہ 93779 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی ترین خان 69508 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ تھریک لبیک تیسرے اور پیپلز پارٹی کے مرزا محمد علی بیگ چوتھے نمبر پر ہیں۔

آج ہونے والے رواں پارلیمانی مدت کے آخری انتخابی معرکے کیلئے 10 امیدوار مدمقابل تھے۔ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین اور مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر محمد اقبال شاہ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ حلقے میں 338 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے اور یہاں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار ہے۔ حلقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور دن بھر 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔ پولنگ ستیشنز پر فوج بھی تعینات رہی۔

جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین نے 12 ایم پی آر پولنگ سٹیشن نمبر 234 پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ پیر اقبال شاہ نے اپنا ووٹ مخدوم والا میں ڈالا۔ ایک صحافی کے سوال پر جہانگیر ترین نے اپنا سیاہی لگا انگوٹھا بھی دکھایا۔

نون لیگ کے پیر اقبال شاہ نے الزام عائد کیا کہ الیکشن میں ضابظہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کا نوٹس لیا جانا چاہئے۔ جہانگیر ترین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب نواز لیگ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز حلقے میں گھومتے ہیں تب کسی نے ایکشن کیوں نہیں لیا؟

دوسری جانب ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار علی ترین پر 40 ہزار روپے اور نون لیگ کے امیدوار اقبال شاہ پر 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

پیپلز پارٹی نے مرزا علی بیگ اور تحریک لبیک پاکستان نے ملک اظہر کو میدان میں اتارا تھا۔ لودھراں کی یہ نشست سپریم کورٹ سے جہانگیر ترین کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).