ڈونلڈ ٹرمپ کے پلے بوائے کی عریاں ماڈل کے ساتھ جنسی تعلقات کا انکشاف
امریکی اخبار نیو یارکر نے ایک دھماکہ خیز رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب سے قبل اپنے متعدد جنسی تعلقات کو چھپانے کے لئے پیچیدہ ہتھکنڈوں میں ملوث رہے ہیں۔ یہ رپورٹ 32 سالہ امریکی صحافی رونن فیرو نے لکھی ہے۔ واضح رہے کہ یہ وہی صحافی ہیں جنہوں نے گزشتہ جولائی میں معروف امریکی ہدایت کار وائن سٹائن کی جنسی ہراسانی کی وارداتوں کا انکشاف کیا تھا۔ جس کے بعد دنیا بھر میں ایسے انکشافات کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو اب تک ختم نہیں ہوا۔
جمعے کے روز نیو یارکر میں شائع ہونے والی خبر میں مشہور جنسی رسالے پلے بوائے کی سابقہ پلے میٹ آف دا ایئر کیرن میکڈوگل کے انکشافات شامل کئے گئے ہیں۔ میکڈوگل نے بتایا ہے کہ انہوں نے ڈونلد ٹرمپ کے ساتھ صدر منتخب ہونے سے پہلے باہمی رضامندی سے طویل مدت تک جنسی مراسم رکھے۔ وائٹ ہاؤس نے اس رپورٹ کو فیک نیوز قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ اس نوعیت کی خبروں پر وائٹ ہاؤس حالیہ دنوں میں یہی ردعمل دیتا رہا ہے۔
رپورٹ میں میکڈوگل کی ایک دوست کے ہاتھ کا لکھا ہوا آٹھ صفحات پر مشتمل تفصیلی بیان بھی شامل ہے۔ میکڈوگل نے اس بیان کے درست ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس خبر یہ اہمیت یہ نہیں کہ صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس پہنچنے سے پہلے متعدد عورتوں کے ساتھ ناجائز جنسی مراسم میں ملوث تھے بلکہ انہیں ان تفصیلات سے نقصان پہنچ سکتا ہے کہ انہوں نے ان عورتوں کو خاموش رکھنے کے لئے پیچیدہ طور طریقے اختیار کئے۔ مثال کے طور پر ٹرمپ کے معروف امریکی جریدے نیشنل انکوائرر کے مالکان کے ساتھ قریبی رابطے تھے۔ اس صحافتی ادارے نے میکڈوگل کو 150،000 ڈالر ادا کر کے ٹرمپ کے ساتھ جنسی تعلقات کے بیان کی خصوصی اشاعتی حقوق حاصل کر لئے۔ تاہم یہ خبر کبھی شائع نہیں کی گئی۔
نیو یارکر کی روپورٹ کا لنک ذیل میں دیا جا رہا ہے



