بلوچستان میں لشکرِ جھنگوی کے خلاف کارروائی میں ملٹری انٹیلی جنس کے کرنل شہید


کرنل سہیل عابد

ISPR
کرنل سہیل عابد کی ہلاکت پر پاکستانی وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے افسوس کا اظہار کیا ہے

پاکستان فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں کالعدم شدت پسند تنظیم لشکرِ جھنگوی کے خلاف کارروائی میں لشکرِ جھنگوی بلوچستان کا سربراہ مارا گیا جبکہ ایک کرنل ہلاک ہو گیا ہے۔

اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے ملٹری انٹیلیجنس کے کرنل سہیل عابد ہلاک اور چار اہلکار زخمی ہو گئے۔

اس کارروائی کے دوران لشکرِ جھنگوی بلوچستان کا سربراہ سلمان بادینی بھی مارا گیا، جب کہ تین مزید تین شدت پسند بھی ہلاک کر دیے گئے۔

سلمان بادینی کے سر پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ اس آپریشن میں مارے جانے والے دو خودکش بمبار کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد پولیس اور ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں مارے گئے۔

پاکستانی وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کرنل عابد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کوئٹہ میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران نے کہا تھا کہ عدالت یہ محسوس کرتی ہے کہ ہزارہ قبیلے کی نسل کشی ہو رہی ہے۔

بدھ کی رات آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ کارروائی آپریشن رد الفساد کے تحت کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے کلی الماس میں کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے گرفتار ہونے والے ایک شدت پسند نے تحقیقات کے دوران اس علاقے میں کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے اہم شدت پسندوں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا۔

اس انکشاف پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی جس کے دوران دو خود کش حملہ آوروں سمیت تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والا شدت پسند سو سے زائد پولیس اہلکاروں اور ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp