سپریم کورٹ: خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار
پاکستان کی سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی اہلیت سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک کے وزیرِ خارجہ اور مسلم لیگ نواز کے سینئیر رہنما خواجہ آصف کو اقامہ رکھنے کے معاملے پر آئین کی شق 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔ یہ متفقہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن عثمان ڈار کی درخواست پر دیا۔
عثمان ڈار کو 2013 کے انتخابات میں خواجہ آصف کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف انھوں نے دو مئی کو اپیل دائر کی تھی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کرتے ہوئے اس شق کے تحت ہونے والی نااہلی کو تاحیات قرار دیا تھا۔

