تاریخ کے سیاہ حروف مسترد کرتے ہیں، قانونی راستہ اختیار کریں گے: شہبازشریف
احتساب عدالت کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم اور داماد کو سزا ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نواز شریف کے خلاف فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ نیب عدالت کی جانب سے میاں نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد شہباز شریف نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ ہے۔ ’پہلے یہ کیس عدالت نے سنا اور پھر جے آئی ٹی نے رپورٹ مرتب کی پورے مقدمے میں کوئی قانونی دستاویز فراہم نہیں کی گئی۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اس زیادتی کے بارے میں ملک کے کونے کونے میں جا کر عوام کو بتائیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کا نام نہ تو پاناما پیپرز میں تھا اور نہ ہی ایون فیلڈ اور کسی آف شور کمپنی میں ہے۔ ان کا کہنا تھا اس حوالے سے کوئی ثبوت نہیں تھے۔
’ہم تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے اور ہمارے نمائندے اور امیدوار اپنی مہم چلائیں گے اور تمام جلسوں میں پرامن احتجاج کریں گے۔‘ اپنے خطاب میں شہباز شریف نے نیب کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ثبوت موجود ہیں نیب کورٹ نے انھیں سالہاسال سے زیر التوا رکھا۔
ادھر لندن میں مقیم نواز شریف کی صاحبزاری مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، آپ جھکے نہیں۔ آپ نے ذاتی زندگی پر پاکستان کو ترجیح دی۔ عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ فتح آپ کی ہو گی۔ انشاءاللہ!‘

نواز شریف کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے والی جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤوں اور حامیوں کی جانب سے فیصلے پر خوشی کا اظہار اور اسے کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ جماعت کے سربراہ عمران خان نے فیصلے کے بعد سوات میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ وہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 26 سال پہلے سیاست میں اسی لیے آئے تھے کیونکہ کرپیشن ملک کو پیچھے کی طرف لے کر جا رہی تھی۔ انھوں نے اس کا ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف اور آصف علی زرداری کو قرار دیا۔


