شہباز شریف: ”ہم ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں“


شہباز شریف

مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے انتخابات کے نتائج ماننے سے انکار کیا ہے

پاکستان مسلم لیگ ن نے انتخابات کے سرکاری اعلان سے قبل ہی دھاندلی کے الزامات کے تحت نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف نے لاہور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہا ہے کہ ان کی جماعت کے امیدواروں کے انتخابات کے نتائج کو روکا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھاندلی ہو رہی ہے۔ ‘میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ ہم ان نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔’

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‘میں معاملات آگے بڑھانے والا آدمی ہوں اور اگر میں بھی یہ بات کہہ رہا ہوں تو سوچیں بات کہاں تک پہنچ چکی ہے۔’

انھوں نے کہا کہ ان کی جماعت کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے اور جلد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے جانے والے ایک پیغام میں بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ 2018 کے عام انتخابات کے نتائج بڑے پیمانے پر ہونے والی دھاندلی کی وجہ سے رد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ایجنٹوں کو الیکشن کمیشن کے فارم 45 نہیں دیے گئے، نتائج روک لیے گئے اور پولنگ ایجنٹوں کی غیر موجودگی میں ووٹ گنے گئے۔ یہ ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ قبول ہے۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اب آدھی رات سے زیادہ گزر گئی ہے اور مجھے کسی بھی ایسے حلقے سے ایک بھی حتمی نتیجہ نہیں وصول ہوا ہے جہاں سے میں خود الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میرے امیدوار شکایت کر رہے ہیں کہ ملک کے کئی حصوں میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنوں سے نکال دیا گیا ہے۔ یہ ناقابلِ معافی اور اشتعال انگیز ہے‘۔

‘الزامات کے ثبوت نہیں دیے گئے’

اس سے قبل الیکشن کمیشن کے سیکریٹری بابر یعقوب نے کہا تھا کہ ابھی تک آر اوز کی جانب سے نتائج جاری نہ کرنے کے بارے میں جتنے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں ان کے ثبوت نہیں دیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم اورنگزیب کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بارے میں راولپنڈی کے آر او سے بات کی ہے لیکن ان الزامات میں کوئی صداقت نظر نہیں آئی۔

بابر یعقوب نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے گنتی کے عمل کے دوران ان کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکالے جانے کے الزام کے بارے میں کہا کہ ہر امیدوار کے ایک پولنگ ایجنٹ کو اجازت ہے اور ایک سے زیادہ افراد کو باہر نکالا گیا ہے۔


بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp