جنسی سرگرمی کے فوراً بعد مرد افسردہ کیوں ہوتے ہیں؟


جنسی سرگرمی سے جسم و ذہن پر مرتب ہونے والے خوشگوار اثرات کے متعلق تو سب جانتے ہیں لیکن سائنسدانوں نے دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ اس عمل کے فوری بعد مزاج میں کچھ ایسی تبدیلیاں بھی رونما ہوتی ہیں جن کا بظاہر خوشی، اطمینان اور مسرت سے کوئی تعلق نہیں۔ خواتین کے مزاج میں ان تبدیلیوں کے متعلق تو تحقیق کار پہلے بھی جانتے تھے مگر پہلی بار ایک تحقیق میں یہ معلوم ہوا کہ مرد بھی کچھ ناخوشگوار کیفیات سے گزرتے ہیں۔

اس موضوع پر تحقیق کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جنسی فرائض کی ادائیگی کے بعد خواتین کی طرح مرد بھی افسردگی محسوس کرتے ہیں، بعض اوقات ان کی آنکھیں نم ہوجاتی ہیں اور کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو طبیعت میں چڑچڑا پن محسوس کرتے ہیں۔ ”پوسٹ کوئٹل ڈسفوریا“ کہلانے والی اس کیفیت کی خواتین میں موجودگی کا تو پہلے سے سائنسدانوں کو علم تھا لیکن یہ پہلی تحقیق ہے جس کے دوران یہ ثابت ہوا ہے کہ مردوں میں بھی ایسی ہی کیفیت پائی جاتی ہیں۔ تحقیق میں شامل مردوں میں سے تقریباً 41 فیصد نے اتفاق کیا کہ وہ ازدواجی فرائض کی ادائیگی کے بعد اس طرح کی کیفیت محسوس کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں آسٹریلیا، امریکہ، برطانیہ، روس، نیوزی لینڈ، جرمنی اور دیگر ممالک کے کل 1208مرد شامل تھے۔ ان میں سے 41 فیصد ایسے تھے جنہیں کبھی کبھار اس کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیس فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے حالیہ دنوں میں یہ کیفیت محسوس کی ہے، جبکہ چار فیصد ایسے تھے جن کا کہنا تھا کہ وہ ہر بار ایسا محسوس کرتے تھے۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ”جرنل آف سیکس اینڈ میریٹل تھیراپی“ میں شائع کی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).