متنازع ٹویٹ کے بعد شیریں مزاری کی بیٹی ایمان کا ٹویٹر اکاؤنٹ غائب ہو گیا


کل اپنی والدہ شیریں مزاری کے ذاتی پیغامات ٹویٹر پر جاری کرنے کے بعد آج ایمان مزاری کا اکاؤنٹ ٹویٹر سے غائب ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف نے پاک فوج کے خلاف بیان دیا تھا جس پر پاک فوج کے ترجمان نے بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیا تھا لیکن اس حوالے سے ایمان مزاری نے کہا تھا کہ یہ بہتر ہو گا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر اپنے الفاظ کا سوچ سمجھ کر استعمال کریں، ہم سب پاکستانی فوج کی سیاست میں مداخلت سے بخوبی آگاہ ہیں، ہماری سول لیڈر شپ بھارتی بوگس دھمکیوں کا جواب دیں، ہمیں ضرورت نہیں ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بیان جاری کریں، جو کہ وہ ہمیشہ کرتے ہیں، یہ افسوس کن ہے۔ “

اس پر شیریں مزاری نے انہیں وٹس ایپ میسیج بھیج کر سمجھایا کہ وہ پاک فوج کے خلاف نفرت کا اظہار کر کے ان کے لیے شدید ندامت کا باعث مت بنیں۔ ایمان مزاری نے یہ ذاتی میسیج بھی ٹویٹ کر دیا اور کہا کہ وہ اپنی روش پر قائم رہیں گی۔

آج ان کا ٹویٹر اکاونٹ غائب ہو گیا ہے۔ یہ علم نہیں ہو سکتا کہ انہوں نے خود اپنا اکاونٹ ڈیلیٹ کیا ہے یا پھر ان کو بلاک کیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی ایمان مزاری فوج کے خلاف تنقید کرتی رہی ہیں۔ تحریک لبیک کے دھرنے کے موقعے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے تحریک لبیک کے دھرنا مظاہرین کو دہشت گرد کہا اور ان کے ساتھ معاہدہ کرنے پر پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کر کے پاک فوج کے ان افسران و جوانوں کی قربانیوں کی بے عزتی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ فوج کے خلاف خادم رضوی جیسی زبان استعمال کریں گی اور اس کے بعد ویڈیو میں انہوں نے ایسا ہی کیا تھا۔

تازہ ترین: ایمان مزاری نے اپنی والدہ شیریں مزاری کے نجی پیغامات لیک کر دیے

Facebook Comments HS