جمال خاشقجی کی موت: بین الاقوامی برادری کا سعودی عرب پر مزید وضاحت کے لیے دباؤ
سعودی عرب پر بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ صحافی جمال خاشقجی کی موت کے واقعے کے بارے میں مزید سوالات کا جواب دے۔ برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر نے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہونے والی ایک ‘لڑائی’ کے نتیجے صحافی کے ہلاکت کے موقف کو’ غیر مصدقہ‘ قرار دیتے ہوئے سعودی عرب سے مزید وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سعودی عرب سے مزید واضح جوابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کی موت کے بارے میں سعودی عرب کے موقف سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مسلسل انکار کے بعد جمعے کو صحافی جمال خاشقجی کی قونصل خانے میں موت کا اعتراف کیا گیا تھا۔
برطانیہ کے بریگزٹ کے وزیر ڈومینک راب نے کہا کہ’ میں نہیں سمجھتا یہ مصدقہ ہے۔ ہم ترکی کی تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں اور برطانوی حکومت چاہتی ہے کہ اس موت کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘ تاہم برطانوی وزیر نے صدر ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف ممکنہ اقدامات کے بیان پر محتاط درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم ہوا میں ہاتھ کھڑے نہیں کر سکتے اور سعودعی عرب کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کر سکتے۔ اور یہ ایسا نہیں کہ بڑی تعداد میں برطانوی نوکریوں کا انحصار اس پر ہے بلکہ آپ اگر اپنے اتحادیوں پر اثر رکھتے ہیں تو آپ کو ان سے بات بھی کی جانی چاہیے۔‘
امریکی صدر ٹرمپ نے بیان میں کہا ہے کہ ’میں اس وقت تک مطمئن نہیں ہوں جب تک ہمیں جوابات نہیں مل جاتے۔‘ تاہم انھوں نے کہا کہ اگرچہ پابندیاں کا امکان بھی ہے لیکن اسلحے کا معاہدہ روکنے سے ان سے زیادہ ہمیں زیادہ نقصان ہو گا۔ صدر ٹرمپ کے علاوہ جرمن چانسلر اینگلا مرکل، فرانس اور کینیڈا کے وزیر خارجہ بھی سعودی عرب سے صحافی جمال خاشقجی کی موت کے بارے میں مزید وضاحت طلب کی ہے۔
دوسری جانب صحافی جمال خاشقجی کی موت کے کام شائع کرنے والے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہا کہ سعودی حکومت شرمناک طریقے سے اور بار بار ایک کے بعد دوسرا جھوٹ بول رہی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے صحافی جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کے بعد ترکی نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ جمال خاشقجی کی موت کی تمام تفصیلات جاری کرے گا اور ترکی کسی کو اس معاملے پر پردہ نہیں ڈالنے دے گا‘۔ ترکی کا الزام ہے کہ جمال خاشقجی کو ایک سعودی ہٹ سکواڈ نے قونصل خانے میں قتل کیا ہے۔ اس سے پہلے سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی پر چلنے والی خبر میں کہا گیا تھا کہ ابتدائی سرکاری تحقیقات کے مطابق جمال خاشقجی کی موت دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہونے والی ایک ‘لڑائی’ کے نتیجے میں ہوئی۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ان تحقیقات کے بعد نائب انٹیلی جنس چیف احمد العسیری اور ولی عہد محمد بن سلمان کے سینیئر مشیر سعود القحطانی کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے اور 18 سعودی شہریوں کو بھی حراست میں لے کر شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس سے قبل ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے مبینہ قتل کی تحقیقات کرنے والی پولیس نے تلاش کا دائرہ بڑھا دیا تھا۔ ترک حکام کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ان کی لاش کو قریبی جنگل یا کھیتوں میں ٹھکانے لگایا گیا ہو۔
شاہ سلمان کی صدر اردوغان سے بات
سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں صحافی جمال خاشقجی کی موت کے بارے میں خبریں شاہ سلمان کی ترک صدر رجب طیب اردوغان کی اسی معاملے پر ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سامنے آئی ہیں۔ ترک صدارتی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان معلومات کا تبادلہ ہوا اور انھوں نے تحقیقات میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترک ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے انھوں نے مشتبہ سعودی ایجنٹس کی اس 15 رکنی ٹیم کی شناخت کر لی ہے جو جمال خاشقجی کی گمشدگی کے روز استنبول آئے اور واپس گئے تھے۔ ترک حکام کا کہنا تھا کہ یہ گروپ اپنے ساتھ ایک ہڈیاں کاٹنے والی آرا مشین لائے تھے اور اس گروپ میں پوسٹ مارٹم کرنے والا ڈاکٹر بھی شامل تھا۔


