’پاسدارانِ انقلاب پر خودکش حملہ کرنے والوں کی پاکستان پشت پناہی کرتا ہے‘: ایرانی کمانڈر
ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے الزام لگایا ہے کہ حال ہی میں ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والے ایک خودکش حملے کے ذمہ داران کی پاکستان کی سکیورٹی فورسز پشت پناہی کرتی ہیں۔
بدھ کے روز ہونے والے اس حملے میں پاسدران انقلاب کے کم از کم 27 محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔
سنیچر کے روز ایران کے ریاستی میڈیا پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو نے میجر جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ پاکستان کی حکومت ایران میں ’انقلاب کے ان مخالفین اور اسلام کے دشمنوں کو پناہ دیتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران جانتا ہے کہ یہ حملہ آور کہاں موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’اگر پاکستان اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا تو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جوابی کارروائی کرے اور دہشتگردوں کو سزا دے۔‘
یاد رہے کہ ایران میں سنّی مسلمان جنگجو گروپ جیش العدل نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ حملے کے ذمہ دار ہیں۔ اس گروپ نے سنہ 2012 میں ہتھیار اٹھائے تھے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ شیعہ اسٹیبلشمنٹ کے سنّی عوام سے امتیازی سلوک کے خلاف ہیں۔
اس گروپ نے حالیہ عرصے میں سیستان بلوچستان میں متعدد حملے کیے ہیں۔ اس علاقے میں سنّی فرقے سے تعلق رکھنے والی بلوچ کمیونٹی کی اکثریت آباد ہے۔
اس ماہ کے آغاز میں جیش العدل نے پارلیمینٹ کی بیس میں نِک سحر میں حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پاسبدران انقلاب کا ایک محافظ ہلاک ہوا تھا جبکہ پانچ زخمی ہوئے تھے۔
اکتوبر میں اسی گروہ نے دس سکیورٹی اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔
بدھ کو ہونے والا حملہ ستمبر کے بعد سے اب تک ہونے والا سب سے بڑا حملہ تھا۔ ستمبر میں جنوبی مغربی شہر اہوز میں فوجی پریڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
جہادی گروپ دولت اسلامیہ اور عرب علیحدگی پسند گروہوں نے یہ حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس کے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔


