کراچی سے دِلی جانے والا طیارہ جے پور میں اتار لیا گیا


انڈین فضائیہ کے جنگی طیاروں نے اے این-12 ساخت کے جارجیا کے ایک مال بردار طیارے کو جے پور میں اترنے پر مجبور کیا ہے۔ یہ طیارہ مبینہ طور پر کراچی سے انڈیا میں شمالی گجرات کی فضائی حدود میں غیر مقررہ راستے پر پرواز کر رہا تھا۔ طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

انڈیا کی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ طیارہ ائیر ٹریفک سروسز کے راستوں پر نہیں اڑ رہا تھا اور نہ ہی وہ ائیر ٹریفک کی انتظامیہ کے اہلکاروں کے ریڈیو پیغامات کا کوئی جواب دے رہا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب فضائیہ کے اہلکاروں نے اسے چیلنج کیا تو طیارے کے پائلٹ نے اطلاع دی کہ یہ طیارہ جارجیا کے تبلیسی شہر سے کراچی ہوتا ہوا دِلی جا رہا تھا۔

انڈین فضائیہ کے ایک بیان کے مطابق جیسے ہی سوا تین بجے انڈین فضائی حدود میں اس طیارے کی موجودگی کا پتا چلا اسی وقت فضائیہ کے سکھوئی-30 ایم کے آئی ساخت کے دو جنگی طیارے ان کے تعاقب میں بھیجے گئے۔ ان دونوں جنگی طیاروں نے جارجیا کے طیارے کو جے پور اترنے پر مجبور کیا۔

فضائیہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چونکہ خطے کے موجودہ حالات (انڈیا پاک کشیدگی) کے پیش نظر اس خطے میں فضائی حدود پرواز کے لیے بند ہیں، جب یہ طیارہ ایک غیر مقررہ راستے سے انڈین فضائی حدود میں داخل ہوا تو پوری طرح تیار طیاروں کو اسے نیچے اتارنے کے لیے بھیجا گیا۔‘

طیارے سے رابطہ قائم ہونے پر معلوم ہوا کہ وہ جارجیا کا ایک مال بردار طیارہ ہے اور وہ ایک غیرمقررہ پرواز پر تبلیسی سے کراچی ہوتے ہوئے دلی جا رہا تھا۔ طیارہ مزید تفتیش کے لیے جے پور میں رکا ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp