فواد چودھری سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے


وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری سوشل میڈیا پر مذاق بن کر رہ گئے۔ فواد چودھری کے مزاحیہ میمز اتنے مقبول ہوئے کہ وزیر اعظم بھی فارورڈ کیے بغیر نہ رہ سکے۔

اپنی حس مزاح کو سیاسی مخالفین پر طنز کے لیے خوب استعمال کرنے والے فواد چودھری آج کل خود ہی اپنے اس ہتھیار کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

فواد چودھری جب سے سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر بنے ہیں، سوشل میڈیا پر ان کے میمز نے قہقہوں کا طوفان برپا کیا ہوا ہے، جس سے فواد چودھری خود بھی بہت محظوظ ہورہے ہیں، حد تو یہ کہ وزیراعظم عمران خان بھی فواد چودھری کو ان کے میمز بھیجنے سے خود کو نہ روک سکے۔

فواد چوہدری نے وزیر اعظم کی جانب سے بھیجا جانے والا میم خود پڑھ کر سنایا ’ شادی بچوں کا کھیل نہیں ہے لیکن کھیلا بچوں کیلئے جاتا ہے، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی‘۔

فواد چوہدری وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنے تو انہیں معروف سائنسدان آئن سٹائن کا روپ دے دیا گیا۔ فواد چوہدری کی آئن سٹائن کے روپ میں طرح طرح کی میمز شیئر کی جاتی ہیں۔ ایک میم کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پانی ابالتے وقت جو آواز آتی ہے وہ جراثیموں کی چیخوں کی ہوتی ہے۔

ایک میم میں فواد چوہدری سے یہ بات بھی منسوب کی گئی ہے ’ہمیں گرمی اس لیے لگتی ہے کیونکہ ہم گرمی کو نہیں لگ سکتے‘۔

رمضان شروع ہوا تو فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کے خلاف محاذ کھول دیا جس کے بعد ان کی اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی ایک تصویر کو ملا کر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا نیا روپ پیش کردیا گیا۔ اس تصویر کے تحت بھی طرح طرح کے لطیفے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جارہے ہیں۔

ان دنوں ڈالر کی قدر میں اضافہ کی وجہ اور اس کی اڑان کو روکنے سے متعلق فواد چودھری کی میمز ہٹ ہیں جبکہ سوشل میڈیا کے میمز میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کو بچوں کی بنیاد مضبوط کرنے کے طریقے بتاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تو کہیں انہیں آسمانی بجلی چمکنے کی وجہ بتاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

گرمی اور روزوں سے متعلق بھی فواد چودھری کے میمزبہت ہٹ ہو گئے ہیں، جبکہ مزیدار بات یہ ہےکہ فواد چودھری خود بھی ان میمز کو خوب انجوائے کرتے ہیں ۔

فواد چودھری سب سے زیادہ مذاق اس وقت بنے جب انہوں نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے انٹرویو میں ناسا کی دوربین ہبل کو پاکستانی دوربین قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں فواد چودھری کی چھیڑ چھاڑ تو اس وقت بھی جاری تھی جب یہ وزارت ان کے پاس نہیں آئی تھی اور انہوں نے ہیلی کاپٹر کا فی کلومیٹر خرچ پچپن روپے چوہتر پیسے بتایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).