طلال چوہدری نے فردوس عاشق اعوان کے بارے میں بے ہودہ بیان پر معذرت کر لی


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان سے متعلق قابل اعتراض بیان پر معافی مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ہے ”میری نیت کسی کی دل آزاری نہیں تھی، میری بات یا مثال اگر مناسب نہیں تھی تو میں ’معذرت‘ چاہتا ہوں۔“

واضح رہے کہ طلال چوہدری نے تحریک انصاف کی حکومت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ بالکل اسی طرح کی تبدیلی ہے جس طرح باجی فردوس عاشق، اگران کا منہ دھو دیا جائے تو جس طرح وہ میک اپ کے اندر سے اصل نکلیں گی یعنی جو باجی فردوس کی بجائے فردوس خان اندر سے نکلے گا، اسی طرح کا چہرہ تبدیلی کا ہے یہ تبدیلی نہیں یہ دھوکا ہے”۔

طلال چوہدری کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر انہیں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا حتیٰ کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ان کے بیان پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے معافی مانگی اور کہا کہ خواتین سیاستدانوں، خواہ ان کا تعلق کسی جماعت سے ہو، کے بارے میں ناشائستہ بات نہیں کرنی چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).