سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کو آئی ایم ایف پروگرام سے اختلاف پر عہدے سے ہٹایا گیا


سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ نے اس فیصلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں یونس ڈھاگہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ان کی جگہ پر سیکریٹری کابینہ ڈویژن نوید کامران بلوچ کو نیا سیکریٹری خزانہ تعینات کر دیا گیا۔ اسی طرح معروف افضل کو نیا سیکریٹری کابینہ ڈویژن لگا دیا گیا۔

واضح رہے کہ سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا اور وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ میں اختلافات کی خبریں عام تھیں اور انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کی اطلاعات بھی تھیں۔

اعلیٰ سطح کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے۔ یونس ڈھاگا کا خیال ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے پاکستان کے لیے نامناسب شرائط پر معاہدہ طے کیا۔ مشیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کے درمیان یہ اختلافات آئی ایم ایف سے مذاکرات کے آخری مرحلے میں پیدا ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیرخزانہ اسد عمر سربراہی میں بننے والی ٹیم میں یونس ڈھاگا کا اہم کردار تھا اور انہوں نے مختلف طریقوں سے آئی ایم ایف کے پروگرام کو آسان بنایا تھا۔ دوسری جانب حفیظ شیخ پروگرام کو’ فرنٹ لوڈڈ‘چاہتے ہیں یعنی مشکل اصلاحات کو گزرتے وقت کے ساتھ لانے کی بجائے پہلے اور فوری مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے مشیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ میں شدید اختلافات پیدا ہوئے۔ آئی ایم ایف پروگرام طے ہونے سے قبل آخری چند مراحل میں یونس ڈھاگا نے شرکت نہیں کی ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).