بالی ووڈ، سلمان خان کو کالا ہرن کیس میں دوبارہ نوٹس جاری


بالی ووڈ ڈیسک : اکیس سال پرانے کالے ہرن کے شکار کے مقدمے میں جودھ پور عدالت نے ایک بار پھر سیف علی خان، تبو، سلمان خان اور دوشانت سنگھ کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ جودھ پور عدالت نے راجستھان حکومت کی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کیے ہیں۔

مقدمے کی سماعت دو ماہ بعد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ اس مقدمے میں ستمبر 2018 میں جودھ پور کی سی جی ایم عدالت نے سلمان خان کے علاوہ باقی ملزمان کو بری کردیا تھا۔ تاہم اب ریاستی حکومت نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی ہے۔ جس کی بناء پر دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے۔ سلمان خان کو ستمبر دو ہزار اٹھارہ میں اس مقدمے میں پانچ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ اگرچہ دو دن بعد انھیں عدالت نے ضمانت پر رہائی دے دی تھی لیکن انھیں اس بات کا پابند کیا گیا تھا کہ وہ غیر ملکی سفر کے لیے عدالت سے اجازت لینے کے پابند ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران قائم ہوا تھا جب سلمان خان اور ان کے دو ساتھیوں پر دو چنکارہ اور تین کالے ہرنوں کے شکار کا الزام لگایا گیا تھا۔ جس کے دو دن بعد ان کے کمرے سے پستول اور رائفل بھی برآمد کی گئی تھی۔ الزام میں کہا گیا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ کنکانی گاؤں اور جودھ پور کے فارم ہاؤس میں کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).