جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس سے حکومت نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونک لی ہے: جاوید چوہدری
معروف صحافی جاوید چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ اور دوسرے ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کر کے حکومت نے اپنے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کے خلاف ہر محاذ گرم ہے۔ تاجر، صنعت کار اور بزنس مین ناراض ہیں۔ ملازمت پیشہ لوگ بھی رو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عید کے بعد تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی دباؤ میں ہے اور داخلی معاملات بھی خراب ہیں۔ صرف عدلیہ باقی بچی تھی اور حکومت نے یہ محاذ بھی گرم کر دیا ہے۔ حکومت جسٹس فائز عیسیٰ سمیت کچھ ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کر رہی ہے۔ وکلاء برادری تیزی سے ججز کے ساتھ کھڑی ہو رہی ہے۔ سوال یہ ہے اگر کالے کوٹ ایک بار پھر باہر آ گئے تو حکومت کا کیا بنے گا؟ کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جن کا مقابلہ جنرل پرویز مشرف یونیفارم میں بھی نہیں کر سکے تھے۔ سوال یہ ہے کہ کیا حکومت کو حالات کی نزاکت کا اندازہ ہے؟


