وفاقی وزیر زرتاج گل کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن کو نیکٹا کا ڈائریکٹر لگا دیا گیا
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو ڈیپوٹیشن پر نیکٹا میں ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
شبنم گل اس تعیناتی سے قبل لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر تھیں۔ ٹی وی چینل کے مطابق شبنم گل ڈائریکٹر کی پوسٹ کیلئے شرائط بھی پورا نہیں کرتیں لیکن مبینہ طورپر زرتاج گل کی سفارش پر انہیں اہم عہدے پر تعینات کیا گیا۔
نیشنل کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے اس تعیناتی کی تصدیق کر دی اور نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعیناتی تین سال کیلئے ہے ۔
سوشل میڈیا پر اس خبر کے بعد ہنگامے کے ردعمل میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’سارا نیکٹا ہی ڈیپوٹیشن پر ہے۔ یہ کوئی اتنی اچھی پوسٹنگ نہیں۔ یہ فیشن بن گیا ہے کہ سیاستدانوں کے خلاف خبریں لائیں، ایسی بے بنیاد شیئرنگ سے قبل حقائق کا جائزہ لینا ضروری ہے‘‘۔
اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں فواد چوہدری نے بتایا کہ ’’ ایک مرتبہ پھر معلوما ت کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ شبنم گل نے ٹیررازم اور فاٹا میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔ ان کا چناؤ انٹرویو کے بعد کیا گیا۔ میں بھی ایک سیاستدان ہوں اور وزارتیں سیاستدانوں نے چلانی ہیں‘‘۔



