میں نے کن چار افراد کی وجہ سے وزارت اطلاعات چھوڑی: فواد چوہدری نے نام بتا دیے


وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ اپریل میں وزارتیں غیرمنتخب لوگوں کی وجہ سے تبدیل ہوئیں۔ اہم فیصلے ہوجاتے ہیں، پتہ ہی نہیں چلتا۔

میری وزارت میں نعیم الحق، یوسف بیگ مرزا، ارشد خان اور طاہر خان مداخلت کر رہے تھے۔ بہت زیادہ لوگ جب ایک ہی چیز کو منیج کرنے پر لگ جائیں تو آپ کچھ نہیں کر سکتے۔ وزارت کے اختیارات کی واضح نشاندہی ہونی چاہیے۔ میں نے وزارت اطلاعات میں اصلاحات شروع کیں لیکن وہ اپنی منزل تک نہیں پہنچ پا رہی تھیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے درمیان غیرمنتخب اور منتخب لوگوں کی سرد جنگ ہے۔ ایک وقت میں پانچ لوگ ایک ہی معاملے پر کام کریں گے تو وہی ہوگا جو ہوتا آیا ہے۔ کیا پارٹی ان کے حوالے کر دیں جو کونسلر بھی نہیں رہے؟ بالآخر منتخب لوگ ہی فیصلہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کی تبدیلیوں میں غیرمنتخب افراد کا ہاتھ تھا۔ وزیراعظم کے مصروف شیڈول ہوتے ہیں، مقامی سیاست کا وقت نہیں ہوتا۔ اصل قوت پارلیمان اور منتخب شدہ لوگ ہیں، بالآخر فیصلہ اور مسائل کا حل وزیراعظم نے ہی کرنا ہے۔

Facebook Comments HS