صدر سپریم کورٹ بار نے صدر مملکت عارف علوی کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا


صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی نے ارکان پارلیمنٹ سے صدر مملکت عارف علوی کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حیرت ہے عدالت عظمیٰ نے ریفرنس موصول ہوتے ہی اسے رد کیوں نہیں کیا۔ زیارت ریزیڈینسی کی زمین اور عمارت کا تحفہ دینے والے خاندان کو غدار بنایا جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہنگامی نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے۔ آرٹیکل 200، 203 اور 204 کا عمل مکمل کیے بغیر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔ امان اللہ کنرانی نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔ 14 جون کو جسٹس فائز عیسیٰ کے ساتھ یوم یکجہتی منائیں گے۔ ملک بھر کی ہائی کورٹ بارز اور ضلعی بارز کے صدور اور سیکریٹری سیاہ دن پر سپریم کورٹ پہنچیں۔

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ جس شخص کے خلاف ریفرنس ہے وہ اور اس کا خاندان پاکستان کے محسن ہیں۔  صدر عارف علوی کے خلاف ارکان پارلیمنٹ مواخذے کی کاروائی کریں اور ان کے خلاف ریفرنس فائل کریں۔ صدر پاکستان کو اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).