زرتاج گل نے وزیر اعظم کے حکم پر بہن کی سفارش کا خط واپس لیتے ہوئے نیا قصہ چھیڑ دیا


وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے نیکٹا کو اپنی بہن کی تعیناتی کیلئے لکھا گیا خط واپس لے لیا ہے لیکن ساتھ ہی نیا قصہ چھیڑ دیا ہے۔

وزارت ماحولیات کی جانب سے نیکٹا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ زرتاج گل کی جانب سے 27 فروری 2019 کو لکھا گیا خط واپس لیا جاتا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے وزیر نے یہ واضح کیا ہے کہ درخواست گزار شبنم گل ایک خود مختار خاتون ہیں جو مشتہر کی گئی نوکری کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔ وزیر کی جانب سے لکھے گئے خط میں شبنم گل کی سی وی کی طرف اشارہ کیا گیا تھا اس خط کا مقصد اقربا پروری یا نوکری کیلئے اثر انداز ہونا نہیں تھا۔

وزیر ماحولیات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ اقربا پروری کی مخالفت کی ہے اور میرٹ سسٹم کے لئے جدوجہد کی ہے تاہم غیر ذمہ دارانہ صحافت کے باعث انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے جس پر تحفظات ہیں۔ ’ اب یہ معاملہ اتنا زیادہ تنقید کی زد میں آچکا ہے تو اس کی وضاحت ہونا ضروری ہے، میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو سامنے لایا جائے‘۔

وزارت ماحولیات کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر ماحولیاتی تبدیلی کی یہ خواہش ہے کہ شبنم گل کی تعیناتی کے معاملے میں کی جانے والی تحقیقات کو عوام کے سامنے لایاجائے اور اگر اس معاملے میں کوئی بھی بے ضابطگی یا قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو شبنم گل کی تعیناتی کو ختم کر دیا جائے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم نے زرتاج گل کو بہن کی تعیناتی کیلئے لکھا گیا خط واپس لینے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر وزیر ماحولیاتی تبدیلی نے ایک حد تک تو عمل کیا ہے لیکن اپنی بہن کی میرٹ کے خلاف تعیناتی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔

وزیر اعظم کے قریبی ساتھی نعیم الحق نے زرتاج گل کا یہ خط سامنے آنے سے کچھ دیر پہلے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ نیکٹا کے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے معاملے میں زرتاج گل نے یہ کہہ کر غلط بیانی کی ہے کہ ان کی بہن نے پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔

یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ زرتاج گل کی بہن کو نیکٹا کی جس پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے اس کیلئے پی ایچ ڈی ضروری ہے لیکن شبنم گل پی ایچ ڈی نہیں ہیں۔ زرتاج گل نے اپنے خط واپس لینے کیلئے لکھے گئے خط میں تحقیقات کا مطالبہ تو کیا ہے لیکن اپنی بہن کی تعیناتی کالعدم قرار دینے کو تحقیقات سے مشروط کر دیا ہے، حالانکہ ان کی بہن کی اس عہدے کے لئے کوالیفکیشن ہی پوری نہیں ہے۔

Facebook Comments HS