حکومت جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس فوری واپس لے: اسلام آباد بار کونسل


اسلام آباد بار کونسل نے حکومت سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اسلام آباد بار کونسل کا اجلاس گزشتہ روز وائس چیئرمین ہارون الرشید کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدور اور دیگر نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس طرح کے ریفرنسز بھیجنے سے گریز کیا جائے۔

اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معزز ججز کے خلاف ریفرنسز دائر کرکے دبائو میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے ، محلاتی سازشیں عدلیہ کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہیں ، 8 اور 9 جون کو پاکستان بارکونسل کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ایسا لائحہ عمل بنایا جائے گا کہ آئندہ آزاد عدلیہ پر کوئی اثر انداز نہ ہو۔ وکلا برادری معزز جج کے خلاف اقدامات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے۔ اجلاس میں وائس چیئرمین ہارون رشید، صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار راجہ انعام امین، صدر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار چوہدری خانزادہ ، جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ بھی شریک تھے۔ اسلام آباد بارکونسل کے ممبر جاوید سلیم شورش نے اجلاس کی تفصیلات جاری کیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).