مفتی پوپلزئی کو حکومت بھی دے دو تاکہ پشاور میٹرو بس وقت پر مکمل ہو جائے: مفتی منیب الرحمان
رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مفتی منیب الراحمان خیبر پختونخواہ پر سیخ پا ہو گئے۔ کے پی کے حکومت نے مفتی منیب الرحمان کی جگہ شہاب الدین پوپلزئی کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئر مین مقرر کرنے کی تجویز دی تھی تاکہ چاند کے معاملے پر اختلافات کو ختم کیا جا سکے۔
اس پر رد عمل دیتے ہوئے مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی حکومت کے قابو میں نہیں آئے لیکن صوبائی حکومت ان کے کنٹرول میں دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت شہاب الدین پوپلزئی کے کنٹرول میں دینے سے ہر چیز وقت سے 24 گھنٹے پہلے ہی مکمل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی زیر نگرانی تاخیر کا شکار بی آ ر ٹی منصوبے کو بھی پوپلزئی کے حوالے کردیا جائے تاکہ یہ بھی وقت پر مکمل ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات پر حیرت ہوئی کہ جس پارٹی کی وفاق میں حکومت ہے ،وہ صوبے میں سرکاری موقف سے انحراف کر رہی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں منفرد واقعہ ہے ۔


