نریندر مودی نے اجازت ملنے کے باوجود پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا: بھارتی میڈیا


بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اجازت ملنے کے باوجود پاکستان کی فضائی حدود سے نہیں گزریں گے۔ بھارتی میڈیا نے اپنے وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ نریندر مودی کا طیارہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کے لئے کرغزستان ( بشکک) جانے کےلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرے گا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی بشکک جانے کے لئے اومان اور ایران کا متبادل راستہ اختیار کریں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت نے وی وی آئی پی طیارے کے لیے دو راستے بتائے، جن میں سے اومان، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک سے بشکک جانے کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بشکک جانے کےلئے نریندر مودی کے طیارے کے لئے خصوصی طور پر فضائی حدود کھولنے کی اجازت دی تھی۔

ایوی ایشن ڈویژن کو اسلام آباد میں قائم بھارتی ہائی کمیشن سے نریندر مودی کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔ جس کے بعد وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد بھارتی وزیراعظم کے لیے فضائی حدود کھولنے کی ہدایت کی تھی۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).