اہم دستاویزات سے لیس اہم لفافہ جسٹس فائز عیسیٰ کے گھر ارسال


معتبر ذرائع کے مطابق اہم دستاویزات سے لیس ایک اہم لفافہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے گھر ارسال کیا گیا ہے۔ خاندان کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا کہ شام ساڑھے 7 بجے چند صفحات سے لیس لفافہ ارجنٹ میل سروس کے ذریعے اسلام آباد ہاؤس بھیجا گیا۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر حکومتی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ جسٹس صاحب کے عملے میں سے ایک فرد نے لفافہ وصول کیا ، وہ خود اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ عہدیدار نے بتایا کہ جسٹس صاحب لاہور میں تھے، وہ اس ہفتے انتقال کرجانے والے اپنے ایک عزیز کی فاتحہ کے لئے وہاں گئے ہوئے تھے۔

جب پوچھا گیا کہ کیا دستاویز وصول کی گئی یا فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے نوٹس دیا تو عہدیدار نے اس سوال کو ٹالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم لفافہ ہے لیکن ہم اس کے مندرجات سے آگاہ نہیں کیونکہ یہ بند اور مہر شدہ لفافہ تھا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس ہفتے واپس اسلام آباد لوٹ جائیں گے۔

دریں اثناء سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ریفرنس کیس میں پہلی کارروائی کی جہاں اٹارنی جنرل آف پاکستان نے اپنا کیس پیش کیا۔ چیف جسٹس آف سعید کھوسہ کی سربراہی میں کونسل کا اجلاس جمعے کی دوپہر برخواست کر دیا گیا۔ اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کارروائیوں پر تبصرہ نہیں کیا اور میڈیا پرسنزکی جانب سے بار بار پوچھے گئے سوالات کے باوجود خاموش رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).