مولانا فضل الرحمان کی حکومت آئی تو عمران خان کو سنگسار کرے گی: بلاول بھٹو

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان کی حکومت آ گئی تو عمران خان کو سنگسار کر دیا جائے گا- حکومت آٹھویں ترمیم اور صوبوں کے حقوق ختم کرنا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی اس میں رکاوٹ ہے۔

نواب شاہ میں بے نظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری سے کہا گیا کہ وزارت عظمیٰ لے لو لیکن بے نظیر کوچھوڑ دو لیکن آصف زرداری نے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے اپنے بہادر باپ پر اور پور ے سندھ کو اپنے بہادر فرزند پر فخر ہے جس نے غریبوں کا تحفظ کیا، پورے پاکستان کو آصف زرداری پر فخر ہے جس نے بے نظیر بھٹو کی لاش پر کھڑے ہوکر پاکستان کھپے کا نعرے لگایا اور ملک کو بچایا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کا جرم کیا ہے؟ اس کی ساری جوانی جیلوں میں گل گئی لیکن ان کا جی نہیں بھرا، اس عمر اور اس کیفیت میں پھر قید کیا گیا جبکہ وہ کہیں ملک چھو ڑکر بھاگا نہیں بلکہ عدالتوں اور نیب میں پیش ہو رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تو پنجاب کے سپیکر سمیت کئی حکومتی وزراء کے خلاف نیب میں کیسز ہیں لیکن وہ تو آزاد پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ہنستے ہوئے جیل چلے گئے لیکن ان کا جرم یہ ہے کہ ان کی جانب سے اختیارات پارلیمان کو واپس کئے گئے، اٹھارہویں ترمیم کو منظور کرایا، فیڈریشن کو مضبوط کیا، این ایف سی ایوارڈ دیا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غریبوں کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل بھیجنا اس لئے ضروری تھا کہ حکومت 1973 کے آئین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، یہ صوبوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی اس میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا آصف زرداری عوام کے حقوق کا محافظ ہے، اس لئے تو ان کے جرائم کی فہرست بہت لمبی ہے، وہ جرم جس سے فیڈریشن مضبوط ہو، مزدور سر اٹھا سکے، وہ جرم جس سے جمہوریت مضبوط ہو اور انسانی حقوق کا تحفظ ہو، اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ یہ سارے کام اب جرم بن چکے ہیں اور اگر یہ جرم ہیں تو یہ جرائم میں نے بھی کرنے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ جرم کریں گے اور بار بار کریں گے، اس کے لئے کوئی بھی قربانی دینی پڑی، اس سے نہ پہلے کوئی دریغ کیا اور نہ اب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی کو اس کی جائیداد یا خاندانی پس منظر کی بنا پر چھوٹا نہیں سمجھتا، میں نے ہمیشہ انسانی سوچ اور کردار کی بنا پر انسان کو پہچانا ہے، آصف زرداری کی ذات پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے لیکن ان کی جانب سے کبھی اس کا جواب نہیں دیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ والے جانتے ہیں کہ زرداری قبیلہ سندھ کا ایک بڑا قبیلہ ہے، میرے دادا اس قبیلے کے سردار بھی تھے اور کراچی کے ایک بہت بڑے بزنس مین بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کے خاندان کے بزرگ  حسن علی آفندی نے سندھ مدرستہ الاسلام بنایا تھا جہاں قائد اعظم سمیت بہت سے بڑے لوگوں نے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں لوگ چندہ مانگ کرہسپتال بناتے ہیں اوراس کی بنیاد پر ووٹ لیتے ہیں، ہم جانتے ہیں آصف زرداری کو انتقام کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے، بزدل لوگ ہی خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ عمران خان اتنا کریں جتنا کل برداشت کرسکیں۔

اگر (ن) لیگ کی حکومت آئی توآپ کے گھر میں بھی خواتین ہیں۔ آصف زرداری کی حکومت آئی توزرداری بدلہ نہیں لیتا، عمران خان دعا کریں کہ آصف زرداری کی حکومت آئے، اگر مولانا فضل الرحمان کی حکومت آئی تو آپ کو سنگسار کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ 70 سال کے بوڑھے اور میں نوجوان ہوں، شہیدبےنظیرکی بیٹی کو آپ نے رلایا، ہم ایک ایک آنسو کا حساب لیں گے، میں حساب لوں گا ان غریبوں کا جن کوآپ نے بے گھر کیا، میں حساب لوں گا ان مزدوروں کا جن کی آپ نے کمر توڑی، احتساب کے نام پر ایک اور جھوٹ بولا جا رہا ہے، ایک عمران خان کا پاکستان اور دوسرا عوام کا ہے، نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •