نواز شریف کو رہا کرنے کے بدلے قطر کی پاکستان کو 15 ارب ڈالر کی پیشکش: عارف نظامی کا تہلکہ خیز دعویٰ


سابو نگران وزیر اطلاعات اور سینئر صحافی عارف نظامی نے کہا ہے کہ بعض ذرائع کے مطابق اب پھر ڈیل ہو رہی ہے۔ غالب امکان یہ ہے کہ 70 فیصد کے قریب ڈیل ہو چکی۔ یہ جو پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملے ہیں، اس کے علاوہ بھی قطر نے پاکستان میں 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کار ی کا عندیہ دیا ہے۔ میں سوفیصد تو نہیں کہہ سکتا مگر ایسے اشارے موجود ہیں کہ نواز شریف  اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو دیس نکالا مل رہا ہے۔ وہ جرمانہ ادا کریں اور لندن جا کر برگر کھائیں اور اپنا علاج کرائیں۔

عارف نظامی کا کہنا تھا کہ امیر قطر نے دورہ پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ شیخ تمیم بن حماد الثانی پاکستان کے پرانے دوست ہیں۔ جب پاکستان میں ڈیل یا ڈھیل کی بات ہوتی ہے تو اس میں قطر کا ایک کلیدی رول ہوتا ہے۔ جب نوازشریف پرویز مشرف کی قید میں تھے اور ان پر ہیلی کاپٹر اغوا، بدعنوانی اور دیگر کیسز تھے تو اس وقت ڈیل کا سارا پراسس امیر قطر کی طرف سے ہوا۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف نظامی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز ملک میں ہی رہیں گے اور اپنے اوپر بنے مقدمات کا سامنا کریں گے۔ نوازشریف کا باہر علاج ہونا ہے، اس لئے ان کی ڈیل کی خبریں چل رہی ہیں۔ عین ممکن ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں عمران خان ڈیل دینے کیلئے تیار ہو جائیں۔

ایک سوال کے جواب میں عارف نظامی نے کہا نوازشریف اور مریم کے باہر جانے کی صورت میں ایک تیر سے دو شکار ہوں گے۔ جب نوازشریف 10 سال کی ڈیل کر کے گئے تھے تو کسی کو یہ پتہ ہی نہیں تھا کہ یہ دوبارہ آ کر سیاست کریں گے اور ملک میں حکومت کریں گے۔ ن لیگ نوازشریف کی وجہ سے ہے۔ اگر ڈیل ہو گئی تو تحریک انصاف کو کیا نقصان ہو گا۔ وہ تو جب سے حکومت میں آئے ہیں، دھچکے پر دھچکا لگ رہا ہے۔ یوٹرن پر یوٹرن لے رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).