پی ٹی آئی کو اقتدار عوام نے نہیں، کسی اور نے دیا ہے: چوہدری نثار


سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کواقتدارعوام نے نہیں، کسی اور نے دیا ہے۔ ملکی حالات بند گلی اور عوام اجتماعی خودکشی کی جانب جا رہے ہیں۔ سیاستدانوں کو ملک نہیں، سیاست عزیز ہے۔ میں چاہتا تو آج بھی اپنی گاڑی پر کسی وزارت کا جھنڈا لہرا سکتا تھا مگر اپنے ضمیر اور خمیر کا سودا کر کے اپنے حلقہ کے عوام کے ساتھ بے وفائی نہیں کر سکتا تھا۔ میں برائے فروخت نہیں،عزت عہدوں سے نہیں، کردار سے ملتی ہے۔ جس دن میں نے خود کو بیچ کر اقتدار حاصل کیا، میں اسی دن اپنی نظروں سے گر جاؤں گا۔ اقتدار میری منزل تھی اور نہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرا بے سروپا بیانات داغ کر حالات مزید خراب کر رہے ہیں۔ انہیں صورتحال کی سنگینی کا اندازہ نہیں۔ ملکی حالات بند گلی کی طرف جا رہے ہیں اور سیاستدان درست سمت کے تعین اور راستہ نکالنے کے بجائے ایک دوسرے کیساتھ دست و گریباں ہیں۔ آج کے حالات 1970 سے بھی بدتر ہیں۔ 1970 میں ہمارا دشمن بھارت ہمارے سامنے تھا مگر آج کا دشمن ہمارے سامنے نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).