آپ کو تو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا، سرکاری پریس کانفرنس میں کیا کر رہے ہیں؟ جہانگیر ترین سے صحافی کا سوال
تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرخان ترین نے وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ سلطان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی جس دوران صحافیوں کے سوالات بھی لیے۔ اس دوران ایک صحافی نے عدالتی نااہلی کے باوجود حکومتی امور نمٹانے پر سوال اٹھا دیا۔
سوال کے جواب میں جہانگیرخان ترین نے موقف اپنایا کہ میرے پاس کوئی عہدہ نہیں، پریس کانفرنس میں بیٹھا ہوں، فیصلے کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا۔ اگر مجھے مشاورت کے لیے بلایا جاتا ہے تو میں اپنا مشورہ دیتا ہوں۔ صاحبزادہ سلطان نے مجھے خود بلایا، وزیراعظم نے بھی ایک کام سپرد کیا تھا۔ کابینہ کو بریفنگ بھی ان کے کہنے پر دی، کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا۔ ملک کی خدمت کر رہا ہوں، خدمت کرنے دیں۔ سپریم کورٹ نے عہدہ رکھنے سے روکا ہے، مشاورت سے نہیں۔
اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے بھی ان کی پریس کانفرنس پر شدید تنقید کی اور ٹوئٹر پر لکھا کہ ”نااہل اور سزا یافتہ ڈپٹی وزیراعظم نے زراعت پر قوم سے خطاب کیا۔ جس سابق صدر پر صرف جھوٹے الزامات ہیں، اس کا انٹرویو سنسر کر دیا گیا، یہ ہے نیا پاکستان، منافقوں کا پاکستان، ایک نہیں دو پاکستان“۔


