امریکہ جارحانہ اقدامات پر تُلا ہوا ہے: شمالی کوریا


Trump and Kim at DMZ

30 جون کو دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان شمالی اور جنوبی کوریا کو تقسیم کرنے والے علاقے میں ملاقات ہوئی تھی

شمالی کوریا نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے بحالی کے حالیہ معاہدے کے باوجود ‘جارحانہ اقدامات پر تُلا ہوا ہے۔’

اقوامِ متحدہ میں شمالی کوریا کے وفد نے بدھ کو کہا کہ امریکہ کو ‘پابندیاں عائد کرنے کا جنون ہے’ جبکہ یہ الزام بھی عائد کیا کہ واشنگٹن جزیرہ نما کوریا کے ‘پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔’

یہ بیان دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ایک تاریخی ملاقات کے چند دن بعد ہی سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سنگاپور میں ’ہاتھ ملانے‘ کے یاد گار لمحات

’کم جونگ ان سے ملنا اعزاز کی بات ہوگی‘

کم جونگ ان کو ٹرمپ کی جانب سے ’شاندار‘ خط موصول

شمالی کوریا کا تنازع ہے کیا؟

اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے سخت ترین سکیورٹی والے اس غیر عسکری علاقے (ڈی ایم زی) میں ملے جو کہ شمالی اور جنوبی کوریا کو تقسیم کرتا ہے۔

اس طرح وہ عہدِ صدارت کے دوران شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر بنے جبکہ تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی گفتگو کے بعد دونوں ممالک نے شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں میں تخفیف پر مذاکرات کی بحالی کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا تھا۔

Donald Trump steps into the northern side of the Military Demarcation Line

ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کی سرحد عبور کر کے وہ پہلے امریکی صدر بنے جنھوں نے اپنے عہدِ صدارت میں شمالی کوریا میں قدم رکھا۔

مگر شمالی کوریا کے بدھ کو جاری ہونے والے بیان میں لہجے کی تبدیلی واضح ہے اور یہ اس غصیلی بیان بازی کی جانب واپسی ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب رہے ہیں۔

شمالی کوریا نے کیا کہا؟

شمالی کوریائی وفد کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کے اس الزام کا جواب دے رہا تھا کہ اس نے ریفائنڈ پیٹرولیم درآمدات کی 2017 میں مقرر کردہ حد کی خلاف ورزی کی ہے۔

اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ امریکہ، فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک کو بھیجے گئے اُس مشترکہ خط کے جواب میں تھا جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

خط میں مبینہ طور پر تمام رکن ممالک سے کہا گیا کہ وہ اپنے پاس موجود تمام شمالی کوریائی تارکینِ وطن ملازمین کو ان کے اپنے ملک واپس بھیجیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘جس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا وہ یہ ہے کہ مشترکہ خط کا یہ کھیل عین اس دن کھیلا گیا جب صدر ٹرمپ نے ایک سربراہی ملاقات کی تجویز دی تھی۔’

‘یہ اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ امریکہ ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا (شمالی کوریا) کے خلاف معاندانہ اقدامات پر تُلا ہوا ہے۔’

بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک کو جزیرہ نما کوریا میں پیدا ہونے والے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی امریکی کوششوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔’

شمالی کوریا نے مزید کہا کہ امریکہ کا پابندیوں کو ‘ہر مسئلے کی دوا’ سمجھنا ‘نہایت مضحکہ خیز’ ہے۔

امریکہ کی جانب سے اب تک اس بیان پر کوئی ردِ عمل نہیں آیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ملاقات

دونوں ممالک کے سربراہان کی پہلی ملاقات گزشتہ سال سنگاپور میں ہوئی تھی۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے تعلقات کیسے ہیں؟

شمالی کوریا کو اس کے متنازع ایٹمی پروگرام سے دستبرداری پر قائل کرنے کے لیے مذاکرات اس وقت اپنی انتہا کو پہنچے جب گزشتہ سال ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی سنگاپور میں ملاقات ہوئی تھی۔

دونوں نے جزیرہ نما کوریا کو ‘ایٹمی ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک’ کرنے پر اتفاق کیا تھا مگر یہ وضاحت نہیں کی گئی تھی کہ اس کا مطلب کیا ہے۔

امید کی جا رہی تھی کہ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں فروری میں ہونے والی دوسری ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ایک ٹھوس معاہدہ طے پائے گا جس کے تحت شمالی کوریا اپنے ایٹمی پروگرام سے دستبردار ہوگا جس کے بدلے میں اس پر عائد کچھ سخت پابندیاں اٹھا لی جائیں گی۔

مگر یہ مذاکرات کسی معاہدے پر منتج نہیں ہوئے کیوں کہ اس بات پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا کہ پابندیاں کس رفتار سے اٹھائی جائیں گی۔

تب سے اب تک مذاکرات تعطل کا شکار ہیں مگر دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔

اتوار کے روز ڈی ایم زی میں ہونے والی ملاقات میں گفتگو تعریفوں پر مبنی تھی۔

ٹرمپ، جو کہ کم جونگ اُن کو ماضی میں ‘لٹل راکٹ مین’ کہہ چکے ہیں، نے اپنی کم جونگ اُن کے ساتھ دوستی کو ‘زبردست’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ‘دنیا کے لیے ایک عظیم دن ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp