رانا ثنا اللہ کا ہم شکل تلاش کر کےجعلی ویڈیو بنائی گئی: بیگم رانا ثنااللہ


منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کی اہلیہ نبیلہ ثنا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر کے خلاف منشیات کیس ثابت کرنے کےلیے ان کا ہم شکل تلاش کرکے جعلی ویڈیو بنا لی گئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ رانا ثناء اللہ خان کے ہم شکل اور ان کی آواز کو مربوط طریقے سے ڈبنگ کر کے ویڈیو تیار کی گئی ہے۔ رانا ثنااللہ خان کی گاڑی کو موٹر وے پر اسی جگہ لے جا کر پورا سین فلمایا گیا ہے۔

نبیلہ ثناءاللہ نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ اے این ایف والے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کےلیے جعلی ویڈیو بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ جھوٹ ہوتا ہے، سچ سچ ہوتا ہے۔ رانا ثنااللہ خان کی منشیات کی جعلی ویڈیو پر کوئی اعتبار نہیں کرے گا۔

جھوٹ اب جھوٹ بولنے والوں کے گلے پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اور اہل خانہ کے اکاونٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، ان کے داماد شہر یار اور بیٹی اقرا کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے مدارس کے اکاونٹس بھی منجمد کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ جس گاڑی میں رانا ثنا اللہ سفر کر رہے تھے، وہ بھی واپس نہیں کی جا رہی۔ نبیلہ ثنا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گاڑی میں رانا ثنا اللہ سے مشابہت رکھنے والے کو بٹھا کر ویڈیو بنائی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).