وزیر اعلیٰ پنجاب نے صمصام بخاری سے اطلاعات کا محکمہ واپس لے لیا: کئی وزراء کے محکمے تبدیل


وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کارکردگی کی بنیاد پر صوبائی وزراء کے محکموں میں رد و بدل کر دیا ہے۔ بعض وزراء سے محکمے واپس لے لیے گئے ہیں، بعض کے تبدیل کر دیے گئے جبکہ بعض کو اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، پنجاب کابینہ میں ردو بدل کا نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت سے پنجاب کابینہ میں وزراء کے محکموں میں رد و بدل کیا ہے۔

صمصام بخاری سے اطلاعات کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے اور اس کی جگہ انہیں محکمۂ کنسولیڈیشن سونپ دیا گیا ہے۔

وزیرِ صنعت میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ ہائر ایجوکیشن اور سیاحت کے وزیر یاسر ہمایوں سے سیاحت کا محکمہ واپس لے لیا گیا ہے۔

یوتھ افیئرز اور اسپورٹس کے وزیر محمد تیمور خان کو سیاحت کا محکمہ بھی دے دیا گیا ہے۔

محمد اجمل سے سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا محکمہ واپس لے کر انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم کا پورٹ فولیو دیا گیا ہے۔

وزیرِ قانون راجہ بشارت سے بلدیات کا اضافی چارج واپس لے کر انہیں سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے محکمے بھی دے دیے گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).