کرکٹ ورلڈ کپ 2019: امپائر کمار دھرماسینا کا ‘غلطی کا اعتراف’ لیکن ‘کوئی ندامت نہیں’


کرکٹ

گذشتہ ہفتے کرکٹ کے عالمی مقابلے کے فائنل میں آخری اوور کے دوران انگلینڈ کو حیران کن اوور تھرو کی مدد سے چھ رن دینے والے امپائر کمار دھرما سینا نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔

سری لنکا سے تعلق رکھنے والے سابق آف سپنر اور 1996 میں فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے کمار دھرما سینا نے سری لنکا کے اخبار سنڈے ٹائمز سے بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ فائنل کے دوران ان سے ‘غلطی’ ہوئی تھی اور ان کو ایک رن کم دینا چاہیے تھا۔

دھرما سینا نے کہا کہ ان کے پاس ٹی وی امپائر کی طرح ری پلے کی سہولت موجود نہیں تھی۔

‘میں یہ مانتا ہوں کہ میں نے غلطی کی تھی اور مجھے احساس اس وقت ہوا جب میں نے ٹی وی پر ری پلے دیکھا۔ لیکن ہمارے پاس تھرڈ امپائر کی طرح ٹی وی ری پلے نہیں تھا اور مجھے اپنے دیے ہوئے فیصلے پر کوئی ندامت نہیں ہے۔ ‘

دھرما سینا نے اخبار کو بتایا کہ انھوں نے اپنے ساتھی امپائر، جنوبی افریقہ کے مارائس ایراسمس سے مشورے کے بعد اپنا فیصلہ دیا تھا اور ان دونوں کی گفتگو میچ ریفری اور دیگر امپائرز نے سنی تھی۔

کرکٹ

ہوا کیا تھا؟

واضح رہے کہ 14 جولائی کو لارڈز میں ہونے والے فائنل کے دوران انگلینڈ کے ہیرو بین سٹوکس نے ڈیپ مڈ وکٹ پر شاٹ کھیلا اور رن لینے کے لیے دوڑے۔

فیلڈنگ کرتے ہوئے مارٹن گپٹل نے گیند وہاں سے واپس پھینکی جو دوسرے رن کے لیے بھاگتے ہوئے بین سٹوکس کے بلے سے لگی اور باؤنڈری کراس کر گئی جس پر کمار دھرماسینا نے انگلینڈ کو چھ رنز دے دیے۔

اس کی مدد سے انگلینڈ نے 50 اوورز میں نیوزی لینڈ کا دیا ہوا ہدف برابر کر لیا لیکن آخری گیند پر پوری ٹیم آل آؤٹ ہو گئی۔

اس کے بعد ایک سنسنی خیز سپر اوور کھیلا گیا جہاں ایک بار پھر دونوں ٹیموں نے سکور برابر کر لیا لیکن انگلینڈ کو میچ کے دوران زیادہ باؤنڈری لگانے پر ورلڈ کپ کا فاتح قرار دیا گیا۔

کرکٹ

فیصلے پر تنقید:

اس فیصلے پر کمار دھرماسینا کو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور سابق امپائر سائمن ٹاؤفل نے اس کے بعد کہا کہ انگلینڈ کو پانچ رنز ملنے چاہیے تھے کیونکہ جس وقت گیند تھرو کی گئی تھی اس وقت بلے بازوں نے ایک دوسرے کو کراس نہیں کیا تھا۔

سائمن ٹاؤفل نے آسٹریلوی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امپائر سے غلطی ہوئی تھی لیکن انھوں نے ان دونوں امپائرز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا ‘زیادتی’ ہوگی کہ اس فیصلے کی وجہ سے فائنل کا نتیجہ متاثر ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp