بیٹے کی جلاوطنی پر باپ کیوں خوش ہوتا ہے؟


میں ایئرپورٹ پہنچ کر سیدھا رمیش کے کمرے میں پہنچا۔ وہ دونوں ساتھ ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ عامر کے چہرے پر بلا کا تردّد اور بے چینی تھی۔ مجھے دیکھ کر وہ کھڑا ہوگیا۔ ہم دونوں گلے ملے پھر میں نے اسے بتایا کہ نسرین پیچھے پیچھے دو گھنٹے میں آجائے گی۔ ابھی جہاز کے جانے میں بہت وقت ہے۔ ”مگر یار یہ ہوا کیا ہے کیوں اتنا اچانک جا رہے ہو؟ “ میں نے سوال کیا تھا۔

”میں نے تمہیں بتایا نہیں تھا مگر گزشتہ چند ہفتوں سے میں محسوس کررہا تھا کہ کوئی نہ کوئی میرا پیچھا کررہا ہوتا ہے۔ ہسپتال میں بھی تھیٹر کے ایک ٹیکنیشن نے بہت بدتمیزی کی تھی۔ ہوا یہ تھا کہ کچھ لوگ ہسپتال میں میرے کلینک میں گھس آئے تھے کہ ان کے مریض کو سب سے پہلے دیکھو۔ میں نے مریض کو تو دیکھ لیا مگر انہیں تنبیہہ کی تھی کہ آئندہ ایسا نہ کریں۔ مجھے غصہ بھی آیا اور میں نے زبان بھی سخت استعمال کی تھی۔ اس واقعے کے بعد تھیٹر کا ایک ٹیکنیشن آگیا کہ آپ نے مریض کے رشتے داروں کی بے عزتی کی ہے۔

”یار میں ڈاکٹر ہوں سیاسی کارکن تو نہیں۔ یہ کراچی ہے لاڑکانہ تو نہیں مگر وہ دھمکی دے کر چلا گیا کہ ڈاکٹر صاحب آج کل ڈاکٹروں کی باری لگی ہوئی ہے زیادہ تیزی دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمہیں تو پتا ہی ہے عباسی شہید کے کتنے ڈاکٹر قتل ہوچکے ہے پھر کراچی میں تو آئے روز ڈاکٹر مارے جارہے ہیں۔ میں نے توجہ نہیں کی تھی۔ پھر گھر پر کسی نے فون کرکے ایک دن ابو سے کہا کہ ’عامر حسین کو اَمر بنا دیں گے ہم لوگ۔ ‘ ہم لوگ تو شیعہ بھی نہیں ہیں صرف ابو کا نام محمد فضل حسین ہے تو میرا نام عامر حسین ہے۔

”مگر یہ مسئلہ بڑھتا ہی چلا جارہا ہے۔ نسرین اور ابو دونوں گھر پر ہوتے ہیں تو میرے لیے پریشان ہوتے رہتے ہیں۔ بار بار موبائل فون پر میں انہیں بتاتا رہتا ہوں کہ میں ٹھیک ہوں ابھی عباسی میں ہوں، ابھی انکل سریا میں ہوں، وہاں سے مڈایسٹ جاؤں گا یا تاج کمپلیکس میں ہوں گا۔ میں آپریشن کررہا ہوتا ہوں تو خیال آتا ہے کہ بچوں کو کچھ نہ ہوجائے۔ گھبرا کر اسکول فون کرتا ہوں، نسرین سے پوچھتا ہوں۔ ہر وقت ایک فکر سی لگی رہتی ہے ہم دونوں کو۔ “

اس نے ایک سانس میں بڑی طویل بات کردی۔ بات تو سچ تھی، کراچی میں روز ہی قتل ہورہے تھے۔ مارے تو سب ہی جارہے تھے، ڈاکٹروں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا تھا۔ خود میں نے بھی کئی دفعہ سوچا کہ پاکستان چھوڑ کر سعودی عرب چلا جاؤں بہت مناسب پیسے بھی ملتے اور زندگی بھی محفوظ رہتی۔

اس نے مجھے غور سے دیکھا پھر بولا، ”ایک مسئلہ اور ہوگیا۔ میرے وارڈ میں دو ڈاکٹر ہیں جوکبھی کبھار ہی آتے ہیں۔ میں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ یا تو وہ آئیں یا پھر انہیں وارڈ سے نکال دیا جائے کیونکہ ان کے کبھی کبھار آنے سے میرا پروگرام خراب ہوتا ہے۔ انہوں نے میری بات تو سنی نہیں بلکہ میرے خلاف ہی انکوائری شروع کرا دی۔ مجھے کہا گیا کہ میں ٹیڑھا آدمی ہوں، کوآپریٹ نہیں کررہا ہوں۔ ایک دن کلاس کے بیچ میں لڑکوں کے سامنے ان دونوں ڈاکٹروں نے کہا کہ ’مجھے سیدھا کر دیا جائے گا۔ ‘

”میں نے تمہیں نہیں بتایا تھا کہ تمہیں کیوں پریشان کروں، اپنے طور پر کچھ کررہا تھا۔ نسرین کے ماموں بریگیڈیئر ہیں انہیں میں نے بتایا کہ ایسا ہورہا ہے جس پر انہوں نے میری میٹنگ پولیس والوں سے کرائی۔ ان سے میٹنگ اچھی رہی، انہوں نے مجھے کہا بھی کہ میں کوئی گارڈ اپنے ساتھ رکھ لوں۔ وہ وقفے وقفے سے مجھ پر نظر رکھیں گے۔ پھر مجھے بھی بتایا کہ میں کس طرح سے رہوں، کبھی ایک راستے سے نہ جاؤں۔ وقت بدل بدل کر نکلوں، ایک گاڑی نہ استعمال کروں۔ گاڑی نکالتے وقت چاروں طرف دیکھوں۔ پیچھے کے آئینے پر نظر رکھوں، پیچھا کرتی ہوئی کار، اسکوٹر، موٹرسائیکل کا دھیان رکھوں۔ یہ سب بھی میں کرہی رہا تھا مگر کب تک۔ میں ڈاکٹر ہوں، سرجن ہوں، سپاہی نہیں ہوں یار۔ شروع میں تو گاڑی نسرین سے بدل کر چلاتا تھا مگر پھر میں نے سوچا کہ اس طرح سے تو میرے دھوکے میں ایک دن بچے مارے جائیں گے۔ میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے ایک دن اس طرح سے فیصلہ کرنا ہوگا۔ “ وہ خاموش ہوا تو رمیش بولا، ”یار باتیں تو ہو ہی رہی ہیں کچھ کھا بھی لو۔ “ پھر اس نے ہم سے پوچھ کر کھانا منگایا۔ ہنس کر بولا، ”کراچی کا آخری کھانا۔ ہندو کے ہاتھوں گوشت کھا لو۔ “

رمیش ہندو تھا مگر گائے کے علاوہ ہر قسم کا گوشت کھا لیتا تھا۔ اس کی والدہ گوشت تو گوشت انڈہ بھی نہیں کھاتی تھیں اور انہوں نے اس کی شادی بھی ایسی ہی لڑکی سے کی تھی جو انہی کی طرح تھی۔ بلا کا ذہین تھا مگر پاکستان سے باہر نہیں جا سکا کہ ڈاکٹر بننے کے فوراً بعد اس کے بابا کی موت واقع ہوگئی اورخاندانی حالات ایسے تھے کہ اسے نوکری کرنا پڑی تاکہ گھر داری چل سکے۔ کچھ قسمت، کچھ سفارش، کچھ سیاست، کچھ قابلیت کی وجہ سے اسے یہ نوکری مل گئی اور اس نے آہستہ آہستہ کرکے تمام ذمہ داریاں پوری کردی تھیں۔ بہنیں بیاہ دی تھیں اور بھائی دونوں امریکا میں سیٹ ہوگئے۔ اس نے کھانے کا آرڈر دے کر کہا، ”بہتر تو یہی ہے کہ عامر انگلینڈ واپس چلا جائے۔ پتا نہیں کب کون اسے مار دے گا۔ تمہیں تو پتا ہی ہے پاکستان میں پہلے مسلمان، ہندوؤں کو بھارت میں مرنے والے مسلمانوں کے بدلے میں ماردیتے تھے اب ہم لوگ کم ہوگئے ہیں تو انہوں نے آپس میں ہی مرنے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ اس طرح سے ہماری جان تو بچ گئی ہے۔ “ وہ اپنے مخصوص انداز میں زور سے ہنسا۔

پھر بولا، ”زندگی آسان نہیں تھی ہم لوگوں کی۔ میری کراچی میں دسویں پوزیشن تھی انٹر کے امتحان میں اور سندھ میڈیکل کالج میں اقلیت کی سیٹ پہ میرا آخری نمبر تھا۔ میں کتنے ہندو، عیسائی اور پارسیوں کو جانتا ہوں جو اوپن میرٹ میں پہلے 25، 50 میں تھے۔ مگر ان کا داخلہ صرف اس لیے نہیں ہوا کہ وہ مسلمان نہیں۔ میں سوچتا ہوں اچھا ہی ہوا وہ سارے کے سارے ملک چھوڑ گئے اوران کے بارے میں مجھے پتا چلتا ہی رہتا ہے، سب ہی اچھا کررہے ہیں۔ کوئی امریکا میں ہے، کوئی کینیڈا میں، کوئی آسٹریلیا میں ہے تو کوئی لندن میں۔ میں ادھر ہوں کراچی ایئرپورٹ کا ڈاکٹر۔ “ وہ بے رحمی سے ہنس دیا۔

مزید پڑھنے کے لیے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیں


صفحات: 1 2 3 4 5