رکنِ پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر نے چیئرمین وزیراعلی شکایت سیل کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا


 

چیئرمین وزیراعلی پنجاب شکایت سیل ملک اسد کھوکھر مستعفی ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی ملک اسد کھوکھر نے چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب شکایت سیل سے استعفی ذاتی وجوہات کی بنا پر دیا۔ اپنے استعفے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وہ بطور چیئرمین شکایت سیل اپنے حلقے میں وقت نہیں دے پا رہے ہیں۔ اس لیے وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پنجاب ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (ٹیوٹا) حافظ فرحت عباس نے کام میں مداخلت کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو استعفی ارسال کیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق حافظ فرحت عباس نے ایک صوبائی وزیر کی مداخلت کے بارے میں وزیر اعلی پنجاب کو متعدد بار شکایت کی تھی۔ حافظ فرحت عباس نے سی او او اختر بھروانہ کو تبدیل کر کے 20ویں گریڈ کے افسر شوکت علی کو نیا سی او او لگایا تھا تاہم صوبائی وزیر نے اختر بھروانہ کو بطور سی او او بحال کر دیا جس پر فرحت عباس مستعفی ہو گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).