کوہلی سات ڈبل سنچریاں بنانے والے پہلے انڈین کھلاڑی


انڈیا کے بلے باز وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنا کر آسٹریلوی کرکٹر سر ڈان بریڈ مین کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

انڈیا کے شہر پونے میں جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھلیے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کوہلی نے جمعے کو سر ڈان بریڈ مین کے ٹیسٹ میچوں میں بنائے جانے والے ,996 6 رنز کا ریکارڈ توڑا۔

اگرچہ کوہلی نے سر ڈان بریڈ مین کا یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے 138 اننگز کھیلیں تاہم سر ڈان بریڈ مین نے یہ ریکارڈ صرف 80 اننگز میں 99.94 رنز کی اوسط سے بنایا تھا۔

30 سالہ وراٹ کوہلی نے نویں بار 150 سے زائد رنز بناتے ہوئے سر ڈان بریڈ مین کا آٹھ بار 150 سکور بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق کوہلی ٹیسٹ میچوں میں 53 رنز کی اوسط سے 7,000 سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔ انھوں نے سنہ 2011 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔

کوہلی 7,000 رنز بنانے والے دنیا کے 50 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس فہرست میں ان سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز انڈیا کے سچن تندولکر ہیں جنھوں نے 200 میچوں میں 15,921 رنز بنائے ہیں۔

واضح رہے کہ تندولکر سنہ 2013 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔

کوہلی انڈیا کی طرف سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

کوہلی نے سچن تندولکر اور وریندر سہواگ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں چھ ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ ان دونوں بلے بازوں نے ٹیسٹ میچوں میں چھ، چھ ڈبل سنچریاں بنائی تھیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سر ڈان بریڈمین کے نام ہے۔ وہ یہ کارنامہ 12 مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔ اس کے بعد کمار سنگاکارا نے 11 بار اور برائن لارا نے نو مرتبہ یہ کارنامہ س انجام دیا تھا۔

کوہلی نے اپنے کریئر کے 81 ویں ٹیسٹ میچ میں ساتویں ڈبل سنچری بنائی۔ انھوں نے اس میچ میں اپنے کریئر کی سب سے بڑی اننگز کھیلی اور 336 گیندوں پر 33 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 254 رنز بھی بنائے۔

بطور کپتان 50 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وراٹ کوہلی نے سری لنکا کے جے سوریا اور آسٹریلوی کھلاڑی کے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

واضح رہے کہ جے سوریا اور سٹیو سمتھ دونوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 6,973 رنز بنائے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp