ثقلین مشتاق: ’دوسرا‘ کے موجد بیٹی کے ہاتھوں رنگے گئے


ثقلین

ہونٹوں پر گلابی لپ سٹک، سر پر سرخ بال۔۔۔ اوپر سے آنکھوں پر نیلا آئی شیڈو۔ ویڈیو کے اوپر ٹویٹ کرنے والے کا نام نہ لکھا ہوتا تو پہچاننا مشکل ہوتا کہ یہ سابقہ پاکستانی نیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق ہیں۔ لیکن انھیں آخر کیا ہوا ہے؟

پوری ویڈیو دیکھنے پر اس سوال کا جواب بھی مل گیا، دراصل ثقلین مشاق کا یہ حلیہ ان کی میک اپ کی شوقین بیٹی نے بنایا ہے۔

آج کل بہت سے افراد کی طرح ثقلین بھی لاک ڈاؤن کے باعث اپنے گھر میں بند ہیں۔ اسی دوران ثقلین کی بیٹی نے اپنی بوریت دور کرنے کے لیے نہ صرف ان کے چہرے پر میک اپ کر ڈالا بلکہ سرخ رنگ کی وگ لگا کر ان کا حلیہ ہی بدل دیا۔

وڈیو میں ثقلین مشتاق نے وگ پہنی ہوئی ہے اور اپنی بیٹی کے ساتھ بیٹھے ہیں، جس نے شرما کر اپنا چہرہ چھپا رکھا ہے۔ ثقلین مشتاق بتاتے ہیں کہ میری بیٹی میک اپ آرٹسٹ ہے اور اس نے میرا یہ گیٹ اپ بنایا ہے۔

ان کی بیٹی نے چند برس قبل بھی جب اپنے والد کا میک اپ کیا تو اس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر بہت شیئر ہوئی تھیں۔

 

ثقلین کے مطابق ان کی بیٹی نے پہلے جب ان کا میک اپ کیا تو اسے لوگوں نے بہت پسند کیا اور اب پھر انھوں نے ایسا ہی کیا۔ بلکہ اس بار تو انھوں نے اپنے والد کا نیا ہیئر اسٹائل بھی بنایا۔

ثقلین مشتاق آج کل برطانیہ میں مقیم ہیں اور انگلینڈ کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے سپن بونلگ کوچ بھی رہے ہیں۔ اپنی ویڈیو کے ذریعے وہ لوگوں کو بتا تہے ہیں کہ وہ گھروں میں رہیں، محفوظ رہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ خوش رہیں۔

بی بی سی اردو کے عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے ثقلین نے بتایا کہ چونکہ آج کل سب لوگ گھروں میں ہی ہیں، یہ سب کرنے کا خیال ان کی دس سالہ بیٹی کا ہی تھا۔

انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ کھیل رہے تھے کہ اس نے کہا کہ ’آپ آنکھیں بند کریں‘۔ اتنی دیر میں وہ اپنا میک اپ کا سامان لے آئی جس میں رنگ اور وگ وغیرہ شامل تھیں۔

’میری بیٹی کو دلچسپ قسم کی چیزیں پسند ہیں اور اس نے یہ تمام سامان لندن میں ہمارے گھر کے قریب واقع دکان سے خرید کر رکھا ہوا ہے۔‘

ثقلین مشتاق کہتے ہیں کہ ان کی بیٹی اکثر تخلیقی سرگرمیوں میں مگن رہتی ہیں، کبھی پینٹ کر دیا تو کبھی کارٹون بنا دیا۔

ثقلین نے بتایا کہ اس ویڈیو کے ذریعے انھوں نے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کی ہے کیونکہ اس وقت دنیا میں اور بالخصوص انگلینڈ میں گھریلو تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

’لوگ ڈپریشن میں ہیں اور ایک دوسرے کو انجوائے نہیں کر رہے۔ لہذا میں یہ پیغام دینا چاہتے ہوں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس میں ہمیں اپنی فیملی، خاص کر بچوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہیے۔ ان کے ساتھ کھیلیں، ان کی پڑھائی میں مدد کریں۔ اس صورتحال نے خاندانوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع دیا ہے۔‘

ثقلین مشتاق کے مطابق انھیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی یہ ویڈیو اتنی زیادہ مقبول ہو جائے گی۔

سوشل میڈیا ردِ عمل

پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں جہاں جہاں کرکٹ کے شائقین پائے جاتے ہیں، سبھی ثقلین کے اس نئے گیٹ اپ سے خوب محظوظ ہوئے۔ جہاں پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کو ’ثقی بھائی‘ بہت پیارے لگے وہیں انڈین کرکٹر راہل شرما بھی ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

علی اعظم نامی صارف ان سے پوچھتے نظر آئے کہ ‘ثقی بھائی، اے کی کردے پھر رہے او’؟

 

عام آدمی نامی ایک صارف نے ثقلین کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ داڑھی نہ ہوتی تو آپ بلکل خوبصورت آنٹی لگتے اور میں ضرور آپ کو ڈی ایم میں کِس بھیجتا۔’

 

https://twitter.com/Aam_Aadmi12345/status/1247296174110863365?s=20

کچھ صارفین اپنا بچپن بھی یاد کرتے نظر آئے کہ وہ اپنے ماں باپ کا حلیہ کیسے بگاڑا یا سنوارا کرتے تھے۔

حتیٰ کہ ایک صاحب نے تو انھیں ’فادر آف دی ائیر‘ کا خطاب تک دے دیا۔۔۔

جبکہ چند صارفین کا خیال تھا کہ دوسرا کے موجد کے اپنی کی بیٹی کے ہاتھوں رنگے گئے!

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32552 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp